کرونا: مزید 8 اموات، 677 شفایاب، لاہور: 70 فیصد علاقوں میں وائرس موجود
اسلام آباد (خصوصی نمائندہ +نوائے وقت رپورٹ ) پاکستان میں صورتحال تیزی سے بہتری کی جانب گامزن ، کرونا وبا کے 92 فیصد مریض صحتیاب ہوچکے ہیں۔ ملک میں کرونا وائرس کے مصدقہ کیسز کی تعداد تو 2 لاکھ 89 ہزار 128 ہے، اس میں سے 2 لاکھ 66 ہزار 301 صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ انتقال کر جانے والوں کی تعداد 6 ہزار 174 ہے۔ ملک میں کرونا وائرس کے مزید 657 مریض آئے جبکہ 8 افراد کا انتقال ہوا تاہم 677 مریض شفایاب بھی ہوگئے۔ سندھ میں کرونا وائرس کے مزید 278 کیسز اور 5 اموات کی تصدیق ہوگئی۔ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کے مطابق صوبے میں مجموعی تعداد ایک لاکھ 26 ہزار 182 ہوگئی۔ مجموعی اموات کی تعداد کو 2 ہزار 322 تک پہنچا دیا۔ پنجاب میں کرونا وائرس کے مزید 188 نئے کیسز اور 2 اموات کی تصدیق ہوئی۔ مجموعی کیسز کی تعداد 95 ہزار 391 ہوگئی۔ اموات کی مجموعی تعداد 2 ہزار 182 ہوگئی۔خیبر پی کے میں ایک ہلاکت ہوئی۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کرونا وبا مزید 32 افراد کو متاثر کرگئی۔ مجموعی تعداد 15 ہزار 378 تک جاپہنچی۔ گلگت بلتستان میں 34 نئے مریضوں میں وائرس کی تشخیص ہوئی۔ مجموعی تعداد 2 ہزار 486 تک پہنچ گئی۔ آزاد کشمیر میں 2 نئے کیس رپورٹ ۔ مجموعی کیسز کی تعداد 2 ہزار 181 تک پہنچ گئی ہے۔ پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 677 مریض صحتیاب ہوئے اور اس طرح مجموعی طور پر شفا پانے والوں کی تعداد 2 لاکھ 66 ہزار 301 ہوگئی جو ملک کے کیسز کا 92 فیصد ہے۔ ویٹرنری یونیورسٹی لاہور کے ڈائریکٹر انسٹی ٹیوٹ آف مائیکرو بیالوجی ڈاکٹر طاہر یعقوب کا کہنا ہے کہ لاہور شہر میں کرونا وائرس بدستور موجود ہے۔ ڈاکٹر طاہر یعقوب نے کہا کہ حکومت کی ہدایت پر 23 دنوں میں واسا کے 108 لفٹ سٹیشنز کے سیوریج سے نمونے لئے گئے جن کے مطابق 70 فیصد علاقوں میں کرونا وائرس موجود ہے۔ انہوں نے بتایا کہ جوہر ٹائون، ہمدرد چوک، ٹائون شپ کے علاقوں میں کرونا مسلسل پازیٹو آرہا ہے۔ ڈاکٹر طاہر یعقوب نے کہا کہ ایک پرائیویٹ یونیورسٹی کے اطراف میں 56 گھروں کے نمونوں میں سے 16 میں کرونا وائرس پایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ تمام سیمپلنگ سمارٹ لاک ڈائون کے دنوں میں کی گئی۔ ان علاقوں میں ہفتہ وار بنیاد پر سیوریج کے نمونے لئے جارہے ہیں۔ ادھ رمہلک وبا ئا وائرس کے سبب دنیا میں2 کروڑ16 لاکھ4 ہزار192 افراد متاثر اور7 لاکھ8 ہزار739 اموات ریکارڈ ہوئیں جبکہ 1کروڑ43 لاکھ سے زائد صحت یاب ہوئے۔ غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق امریکہ میں کرونا وائرس سے 55 لاکھ 29 ہزار سے زائد افراد متاثر ہیں اور گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 1101 اموات ہوئی ہیں۔ امریکہ کرونا وائرس سے مجموعی اموات کی تعداد ایک لاکھ 72 ہزار606 ہوگئی۔ برازیل میں 33 لاکھ 17 ہزار سے زائد افراد کرونا سے متاثر ہیں۔ برازیل میں کرونا سے مزید 601 افراد ہلاک ہوچکے ہیں اور مجموعی تعداد ایک لاکھ7 ہزار سے زائد ہوگئی۔ بھارت میں کرونا مریضوں کی تعداد 25 لاکھ89 ہزار سے زائد ہو گئی اور ایک دن میں 950 افراد ہلاک ہونے سے اموات کی مجموعی تعداد 50 ہزار 84 ہوگئی ہے۔