• news

گندم، آٹے کی قیمت میں اضافہ برداشت نہیں، کرونا پر منفی سیاست کرنیوالے توبہ کریں: عثمان بزدار

لاہور (نیوز رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت کے بروقت او رموثر اقدامات سے صوبے میں گندم اورآٹے کی قیمتوں میں استحکام آیا ہے۔ پنجاب واحد صوبہ ہے جہاں20 کلو آٹے کا تھیلا مقرر کردہ نرخوں پر دستیاب ہے۔ گندم اور آٹے کی قیمتوں میں استحکام برقرار رکھنے کے لئے آئندہ بھی ہر انتظامی قدم اٹھایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ صوبے کے عوام کے حقوق کا تحفظ کرنا میری ذمہ داری ہے اور کسی کو عوام کا استحصال کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ  محکمہ خوراک کے حکام اور انتظامی افسران گندم اور آٹے کی قیمتوں کی تسلسل کے ساتھ مانیٹرنگ جاری رکھیں اور عوام کو ہر ممکن ریلیف دینے کے لئے متعلقہ ادارے متحرک رہیں۔ انہوں نے کہا کہ گندم اور آٹے کی قیمتوں میں خود ساختہ اضافہ برداشت نہیں کیا جائے گا۔ عثمان بزدار نے کہاہے کہ اپوزیشن جماعتوں کے پاس کوئی ایجنڈا نہیں۔اپوزیشن رہنمائوں نے کورونا جیسے قومی چیلنج پر بھی سیاسی پوائنٹ سکورنگ کی ناکام کوشش کی۔ وزیراعظم عمران خان کی کامیاب حکمت عملی کے باعث کرونا کا پھیلائو کم ہوا ہے اور وزیراعظم عمران خان کی انسداد کرونا کے موثر اقدامات کو عالمی سطح پر بھی سراہا گیا ہے۔ کرونا پر منفی سیاست کرنے والوں کو اب انتشار کی سیاست سے توبہ کرلینی چاہیے۔ اپوزیشن رہنمائوں کو عوام کے مسائل سے کوئی سروکار نہیں۔ عوام جانتے ہیں کہ ماضی میں انہی جماعتوںنے معیشت کو تباہ و برباد کیا اور اب مسترد شدہ عناصر ملک کو درست سمت پر چلتا دیکھ کر بوکھلاہٹ کا شکار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں حکومت نے تبدیلی بنیاد رکھ دی ہے۔  عام آدمی کو ریلیف دینے کاہر کام کر گزریں گے۔ اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے اے پی سی کا ڈرامہ لگنے سے پہلے ہی فلاپ ہوچکا ہے۔ اپوزیشن نے صرف ذاتی مفادات کے تحفظ کے لئے اے پی سی کا شوشہ چھوڑا۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان کی ترقی و عوام کی خوشحالی کا سفرکھوٹا کرنے والے مزید 3سال صبر کریں۔ اپوزیشن لوٹ مار سے جمع دولت بچانے کی ناکام کوشش کر رہی ہے -انہوںنے کہاکہ عوام کے مستردشدہ عناصرکے ہاتھ پہلے کچھ آیا ہے نہ آئندہ آئے گا۔ پاکستان کے 22کروڑ عوام کو وزیراعظم عمران خان کی شفاف قیادت پر پورا اعتماد ہے - وزیر اعظم عمران خان ملک کو درپیش اندرونی و بیرونی چیلنجز کاپامردی سے مقابلہ کر رہے ہیں۔ پی ٹی آئی کی حکومت عوامی خدمت اور قومی ترقی کے مشن پر عمل پیرا ہے اورحکومت مدت پوری کرے گی۔ وزیراعلیٰ نے رحیم یار خان کے علاقے میں 5سالہ بچے کے قتل کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے آر پی او بہاولپور سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ہدایت کی کہ قتل میں ملوث ملزمان کو جلد قانون کی گرفت میں لایا جائے اور مقتول بچے کے غمزدہ خاندان کو ہر صورت انصاف فراہم کیا جائے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدارنے متاثرہ خاندان سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے اور متاثرہ خاندان کو انصاف فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن