• news

امارات اسرائیل ڈائریکٹ فون سروس شروع ، کرونا پر مشترکہ تحقیقات کا معاہدہ

ابوظہبی‘ مقبوضہ بیت المقدس‘ تہران‘ صنعاء (نوائے وقت رپورٹ‘ ایجنسیاں) متحدہ عرب امارات اور اسرائیل کے درمیان ڈائریکٹ ٹیلی فون سروس شروع ہو گئی۔ غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق اماراتی وزیر خارجہ شیخ عبداللہ بن زید اور اسرائیلی وزیر خارجہ خابی اشکنازی نے ٹیلی فون لنک کا افتتاح کیا۔ دونوں رہنمائوں نے جلد ملاقات پر اتفاق کیا۔ ٹیلی فون سروس دونوں ممالک کی عوام کیلئے بھی کھول دی گئی ہے۔ دریں اثناء یو اے ای نے اس بات پر شدید احتجاج کیا ہے کہ ایران نے یو اے ای کے اسرائیل کے ساتھ سمجھوتے کو غداری کیوں کہا؟ متحدہ عرب امارات نے ایرانی صدر حسن روحانی کی تقریر پر ایرانی ناظم الامور کی طلبی کی اور ایرانی صدر کے الفاظ کو ناقابل قبول قرار دیا گیا۔ مزید برآں طلباء نے گزشتہ روز تہران میں یو اے ای سفارتخانے کے باہر احتجاج کیا۔ مظاہرین نے فلسطین کی حمایت اور اسرائیل مخالف بینرز اٹھا رکھے تھے۔ یمن میں بھی امارات کے اسرائیل کے ساتھ معاہدے کیخلاف مظاہرے کئے گئے۔ دوسری طرف اسرائیل کے انٹیلی جنس کے وزیر نے کہا ہے کہ خلیجی ممالک میں بحرین اور عمان بھی متحدہ عرب امارات کے نقش قدم پر چلیں گے اور دیگر مسلمان ممالک سے بھی آئندہ برس تک معاہدوں کا امکان ہے۔ اسرائیل کے وزیر برائے انٹیلی جنس ایلی کوہن نے اسرائیل کے آرمی ریڈیو سے بات کرتے ہوئے کہا کہ عمان اور بحرین سے بھی امارات جیسے معاہدے ہونے والے ہیں۔ اس کے علاوہ مسلمان افریقی ممالک سے بھی سفارتی تعلقات کے قیام کے معاہدے ہوجائیں گے۔
اسلام آباد (جاوید صدیق) متحدہ عرب امارات اور اسرائیل کی کمپنیوں کے درمیان کرونا وائرس کے انسداد کیلئے تعاون کیلئے ایک سمجھوتے پر دستخط ہو گئے ہیں۔ متحدہ عرب امارات کی خبر رساں ایجنسی کے مطابق متحدہ عرب امارات کی کمپنی اپیکس انٹرنیشنل انوسٹمنٹ اور اسرائیل کی کمپنی ٹیرا گروپ کے درمیان ابوظبہی میں سمجھوتے پر دستخط ہوئے۔ متحدہ عرب امارات اور اسرائیل کے درمیان سمجھوتے پر دستخط ہونے کے بعد امارات کی اپیکس انٹرنیشنل انویسٹمنٹ کمپنی کے چیئرمین خلیفہ یوسف نے کہا کہ ہمیں بہت خوشی ہے کہ متحدہ عرب امارات اور اسرائیل کی کمپنی کے درمیان کووڈ 19 کے خاتمے کیلئے ایک سمجھوتہ ہو گیا ہے۔ اسرائیل کے ٹیرا گروپ کے سی ای او اورین سیڈن نے اپنے ردعمل میں کہا کہ ہم اس سمجھوتے پر دستخط ہونے پر بہت پرجوش ہیں اور ہمیں خوشی ہے کہ دونوں ملکوں کی کمپنیاں کووڈ 19 کی وبا کے خلاف تعاون کریں گی۔ دونوں کمپنیاں کرونا کی ٹیسٹنگ اور علاج کے حوالے سے باہمی تعاون کریں گی۔ 

ای پیپر-دی نیشن