دو سالہ بیٹی کے قتل کا منصوبہ بنانے والی ماں سمیت 3ملزم گرفتار
لاہور (نامہ نگار)لاہور کی حدود رائیونڈ میں بے رحم ماں نے اپنی ہی دو سالہ بچی کے قتل کا منصوبہ بناتے ہوئے دو سالہ آمنہ کو دو افراد سے تشدد کروایا اور جان سے مارنے کی کوشش کی۔بچی کے والد نے موقع پر پہنچ کر اپنے جگر کے ٹکرے کو بچا لیا اور سنگ دل ماں سمیت تین ملزمان کیخلاف مقدمہ درج کروا دیا۔مقدمہ تھانہ رائیونڈ میں بچی کے والد غلام حسین کی مدعیت میں بچی کی والدہ نازیہ بی بی سمیت دو افراد کے خلاف درج کیا گیا۔ ملزمان شبیر حسین اور محسن نے بچی کی والدہ نازیہ بی بی کی ایما پر بچی کو کھیتوں میں لے گئے اور تشدد کیا۔ایف آئی آر کے مطابق تشدد سے دو سالہ آمنہ کی ایک بازو ٹوٹ گئی۔ملزمان بچی کو اٹھا کر زمین پر پٹختے رہے اور تشدد کرتے رہے۔بچی کا والد غلام حسین اور اسکا ساتھی محمد اسلم بائے پاس قصور روڈ کے قریب کھیتوں میں پہنچے تو بچی کے چیخنے کی آوازیں سنی۔ایف آئی آر کے مطابق ملزمان غلام حسین اور اسلم کو دیکھ کر بھاگ کھڑے ہوئے۔