داتا دربار‘ بادشاہی مسجد میں غیر ملکیوں کیلئے ڈیسک قائم کردیا:سعید الحسن شاہ
لاہور( خصوصی نامہ نگار)صوبائی وزیر اوقاف پیر سید سعید الحسن شاہ نے کہا ہے کہ وزیر اعظم پاکستان اور وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر محکمہ اوقاف پنجاب کو مستقبل میں روایتی محکمہ بنانے کی بجائے جدید تقاضوں اور دور رس نتائج کے حصول کے لیے تیز تر حکمت عملی پر عمل در آمد جاری ہے۔ اس سلسلے میں داتا دربار اور بادشاہی مسجد میں ملکی و غیر ملکی زائرین کی رہنمائی کے لیے خصوصی ڈیسک کا قیام عمل میں لایا گیاہے۔محکمہ سے سفارشی کلچر کے خاتمہ کے لیے تیار کردہ پالیسی پر عمل در آمد جاری ہے۔ محکمہ سے کرپٹ مافیا اور کالی بھیڑوں کے خاتمہ کے لیے عملی اقدامات جا ری ہیں۔اپنی رہائش گاہ پرپی ٹی آئی کے عہدیداران سے ملاقات میں صوبائی وزیرکا مزید کہنا تھا کہ محکمہ اوقاف پنجاب کو مستقبل میں روایتی محکمہ بنانے کی بجائے جدید تقاضوں اور دور رس نتائج کے حصول کے لیے تیز تر حکمت عملی کو ہر سطح پر سراہا گیا ہے۔صوبہ بھر کے تما م درباروں پر اوقاف ملازمین کی نقل وحرکت کے لیے ٹریکنگ سسٹم کا اجراء کیا گیا ہے۔محکمہ اوقاف کی تمام اراضی پر شجر کاری متواتر جاری رہے گی جبکہ نا جائز قابضین مافیا کی سر کوبی کے لیے بھی قانونی کارروائیکی جارہی ہے۔