ڈی آئی جی آپریشنز کا محرم کیلئے پٹرولنگ ‘سکیورٹی پلان تشکیل دینے کا حکم
لاہور (نامہ نگار+نمائندہ خصوصی)ڈی آئی جی آپریشنزاشفاق خان نے کہا ہے کہ محرم الحرام میں ڈولفن اور پولیس ریسپانس فورس کی کارکردگی انتہائی اہمیت کی حامل ہے۔ڈولفن سکواڈ اور پیرو ٹیمیں محرم الحرام کیلئے موثر پٹرولنگ و سکیورٹی پلان تشکیل دیں۔دوران پٹرولنگ مشکوک، شر پسند، ملک دشمن عناصر پر کڑی نظر رکھیں۔دوران محرم مجالس اور ماتمی جلوسوں کے اطراف پٹرولنگ بڑھا دیں۔ایس پی راشد ہدایت نے ہفتہ وار کارکردگی رپورٹ جاری کرتے ہوئے بتایاکہ ڈولفن سکواڈ اور پولیس ریسپانس یونٹ کے جوان ہیلپ لائن 15 پر موصولہ تمام223کالز پر فوری ریسپانس عمل میں لائے۔دوران پٹرولنگ ناجائزاسلحہ کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے27پسٹلز،5 رائفلز،2 پمپ ایکشن،33میگزین اور895گولیاں برآمد کی گئیں۔ ڈکیتی و چوری کی وارداتوں میں ملوث گینگز کے48 ملزمان کو گرفتار کر کے اْن کے قبضہ سے1کار،17موٹرسائیکلیں،16 موبائل فونز اور34ہزارروپے سے زائد نقدی برآمد کی گئی۔آتش بازی میں 3جبکہ ہوائی فائرنگ میں 5 افراد کو گرفتار کیاگیا۔اشفاق خان نے کہا کہ جرائم پیشہ عناصر کے تدارک کیساتھ ساتھ شہریوں کو پولیس سہولیات کی فراہمی اولین ترجیح ہے۔ پولیس خدمت مراکزمقررہ اوقات میں شہریوں کوبہترین سہولیات فراہم کر رہے ہیں۔کریکٹر وویرفکیشن سرٹیفکیٹس، ایف آئی آر کی نقول، گمشدگی رپورٹس کااندراج جیسی 14 سہولیات ایک ہی چھت تلے فراہم کی جارہی ہیں۔