پاکستان کا مطلب کیا؟۔۔۔۔۔لا الہ الا اللہ
پاکستان کا مطلب کیا؟
ہمیشہ کی طرح اس سال بھی پاکستانی عوام نے اپنی آزادی کا دن بہت جوش و خروش سے منالیا ہے ۔وقت گزرنے کے ساتھ آزادی کا دن منانے میں بھی ہم آزاد ہوتے چلے جارہے ہیں۔کسی دور میں جب صرف پی ٹی وی تھا ،تب کی بات ہے کہ آزادی کے دن کی شروعات تلاوت قرآن پاک سے ہوتی اور پھر صدر مملکت ایسی خوبصورت تقریر کرتے کہ تقریر لکھنے والے کی لفاظی پر دل جھوم جھوم جایا کرتا ۔لیکن آج بہت کچھ بدل چکا ہے ۔ اب نیا پاکستان ہے ہر کوئی آزاد ہے کہ وہ جیسے چاہے اپنی آزادی کے دن کو منائے ۔سرکار آزاد ہے کہ اس کے من جواچھا لگے اُسے سرکاری ایوراڈ دیا جائے۔ آزادی کے جشن کو منانے والوں میں ان منچلوں کی بات نہ کرنا نا انصافی ہوگی ۔اصل میں آج کل آزادی کا دن تو نوجوان’’منڈیک‘‘ ہی کھل مناتے ہیں۔پوں پاں،پوں پاں،سائلنسر نکالے موسٹر سائیکل اور تیز موسیقی کے ساتھ سڑکوں پر رقص کرتے میں ملک کے نوجوانوں نے اس سال جشن آزادی کو پوری آزادی سے منایا ۔ان کا جہاں دل کرتا سڑک پر چلنے والی گاڑیوں کو روک کے خوب ہلہ گلہ کرتے رہے ۔یہ نوجوان پوری طرح آزاد تھے کہ جیسے چاہیں اپنی آزادی کا اظہار کریں ۔شاید حکام کا حکم ہو کہ آزادی کے دن کی مناسبت سے ریونیو بھی جمع کیا جائے گا۔آزادی کے دن ٹریفک پولیس ان منچلوں کو تو قابو نہیں کر پارہی تھی لیکن عام شہریوں کے چالان ضرور کیے جارہے تھے ،۔ پتہ نہیں یہ کس قسم کی آزادی ہے ؟ پتہ نہیں وطن کی محبت میں سرشار ی کا اظہار کرتے یہ بانکے سجیلے جوان اپنے ہم وطنوں کے لیے اذیت کا سبب کیوں بن رہے تھے ۔سننے میں آیا ہے کہ موج مستی کرتے موٹر سائیکلوں پر کرتب دکھاتے بہت سے نوجوانوں ہڈیاں تڑوا کے ہسپتالوں کے مہمان بنے پڑے ہیں جہاں ان کے بوڑھے والدین بے بسی کی تصویر بنے ان کی صحت کے لیے دعائیں کر رہے ہیں ۔مہذب قومیں اپنی آزادی کی تقریبات اپنوں کی جان و مال کو خطرے میں ڈال کر تو نہیں منا یا کرتی ہیں ۔میرا مشورہ ہے کہ آنے والے چودہ اگست کے دن نوجوانوں کے لیے موٹر سائیکل چلانے پہ مکمل پابندی لگا دینے چاہیے۔جمعہ کی نماز پڑھنے گیا تو پروفیسر اکرم ورک صاحب کا موضع سخن پاکستان کا مطلب کیا؟۔لا الہ الا اللہ
صاحبو!آج کی نسل پاکستان سے محبّت تو ضرور کرتی ہے لیکن ان لوگوں کو محبت کا مفہوم معلوم نہیں ہے ۔انہیں بتانا پڑے گا کہ قانون شکنی جرم ہے بد تہذیبی ہے اور گناہ بھی۔ نوجوانوں میں وطن کی محبت ،قانون کا احترام اور اعلی اخلاقی صفات پیدا کرنے کے لیے بہت توجہ اور منصوبہ بندی سے کام کرنا پڑے گا اس کام کے لیے سب سے والدین اور پھرماسٹر اور مولوی کا کردار بہت اہمیت کا حامل رہے گا ۔پاکستان کا مطلب کیا؟۔لا الہ الا اللہ۔ تحریک پاکستان اور یہ نعرہ کیوں لازم و ملزوم ہو گئے تھے۔ قائد اعظم محمد علی جناح نے کیوں کہا تھا کہ ’’تحریک پاکستان میں25 فیصد حصہ اصغر سودائی کا ہے۔‘‘اس کے لیے نوجوانوں کو قیام پاکستان سے پہلے کے حالات و واقعات بارے بھی بتانا ہوگا ۔پاکستان کا مطلب کیا؟۔لا الہ الا اللہ کا نعرہ لگانے والوں کو اس نعرے کی الف ب سے روشناس کرنا ہوگا ۔جب ہم ایسا کر لیں گے تو پھر یقینا ہمارا پاکستان پیارا پاکستان بن جائے گا ۔چلیں آج پھرسب مل کے اس نعرے کو دھرا لیتے ہیں۔
پاکستان کا مطلب کیا؟۔۔۔۔۔لا الہ الا اللہ
شب ظلمت میں گزاری ہے
اٹھ وقت بیداری ہے
جنگ شجاعت جاری ہے
آتش و آہن سے لڑ جا
پاکستان کا مطلب کیا؟۔۔۔۔۔لا الہ الا اللہ
ہادی و رہبر سرور دیں
صاحب علم و عزم و یقیں
قرآن کی مانند حسیں
احمد مرسل صلی علی
پاکستان کا مطلب کیا؟۔۔۔۔۔لا الہ الا اللہ
چھوڑ تعلق داری چھوڑ
اٹھ محمود بتوں کو توڑ
جاگ اللہ سے رشتہ جوڑ
غیر اللہ کا نام مٹا
پاکستان کا مطلب کیا؟۔۔۔۔۔لا الہ الا اللہ
جرات کی تصویر ہے تو
ہمت عالمگیر ہے تو
دنیا کی تقدیر ہے تو
آپ اپنی تقدیر بنا
پاکستان کا مطلب کیا؟۔۔۔۔۔لا الہ الا اللہ
نغموں کا اعجاز یہی
دل کا سوز و ساز یہی
وقت کی ہے آواز یہی
وقت کی یہ آواز سنا
پاکستان کا مطلب کیا؟۔۔۔۔۔لا الہ الا اللہ
پنجابی ہو یا افغان
مل جانا شرط ایمان
ایک ہی جسم ہے ایک ہی جان
ایک رسول اور ایک خدا
تجھ میں ہے خالد کا لہو
تجھ میں ہے طارق کی نمو
شیر کے بیٹے شیر ہے تو
شیر بن اور میدان میں آ
پاکستان کا مطلب کیا؟۔۔۔۔۔لا الہ الا اللہ
مذہب ہو تہذیب کہ فن
تیرا جداگانہ ہے چلن
اپنا وطن ہے اپنا وطن
غیر کی باتوں میں مت آ
پاکستان کا مطلب کیا؟۔۔۔۔۔لا الہ الا اللہ
اے اصغر اللہ کرے
ننھی کلی پروان چڑھے
پھول بنے خوشبو مہکے
وقت دعا ہے ہاتھ اٹھا
پاکستان کا مطلب کیا؟۔۔۔۔۔لا الہ الا اللہ
٭…٭…٭