• news

زرداری کیخلاف جعلی اکائونٹس کیس کے وعدہ معاف گواہ اسلم مسعود انتقال کر گئے

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) سابق صدر آصف زرداری کیخلاف جعلی اکائونٹ کیس کے وعدہ معاف گواہ اور اومنی گروپ کے اکاؤنٹنٹ اسلم مسعود کا انتقال ہو گیا ہے۔ مرحوم گردے کے مرض میں مبتلا تھے۔ یاد رہے کہ اسلم مسعود کو اکتوبر 2018ء میں لندن سے جدہ جاتے وقت انٹرپول نے گرفتار کیا تھا۔ اسلم مسعود سابق صدر آصف زرداری کے اکاؤنٹنٹ بھی رہ چکے ہیں۔ اسلم مسعود پر 107 جعلی بنک اکاؤنٹس سے 54 ارب روپے کی منی لانڈرنگ کا الزام تھا۔ جس کے بعد انھیں گزشتہ سال فروری 2019ء میں اسلام آباد لایا گیا جہاں فیڈرل انوسٹی اتھارٹی (ایف آئی اے) کی چار رکنی ٹیم نے ائیرپورٹ سے ہی اپنی تحویل میں لے لیا تھا۔ انھیں سعودی عرب سے پاکستان لایا گیا تھا۔ سپرٹنڈنٹ اڈیالہ جیل نے جعلی اکائونٹس کیس کے اہم گواہ اسلم مسعود کی وفات کی رپورٹ احتساب عدالت میں جمع کرا دی۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ قیدی اسلم مسعود کو 20فروری 2019ء کو جیل  سے ہسپتال داخل کرایا گیا اسی روز قیدی کو ہنگامی بنیادوں پر ہسپتال ریفر کر دیا گیا بدقسمتی سے قیدی گزشتہ روز ہسپتال میں حرکت قلب بند ہونے سے وفات پا گیا۔ سپرٹنڈنٹ جیل اڈیالہ نے استدعا کی کہ عدالت قیدی کے پوسٹ مارٹم کی اجازت دے۔

ای پیپر-دی نیشن