محکمہ ایکسائز کی جانب سے پنجاب میں یونیورسل نمبر پلیٹیں ای آکشن سسٹم کا افتتاح
لاہور (نامہ نگار) محکمہ ایکسائز پنجاب نے یونیورسل نمبر پلیٹس اور ای آکشن سسٹم کا افتتاح کر دیا۔ افتتاح کے موقع پر ڈی جی ایکسائز مسعودالحق، ڈائریکٹر موٹرز برانچ رانا قمرالحسن اور دوسرے افسران بھی موجود تھے۔ افتتاح کے موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیر ایکسائز حافظ ممتاز احمد نے کہا کہ کہ پہلے موٹر وہیکل رجسٹریشن کی سیریز ہر کیٹیگری میں ضلع کی بنیاد پر کی جاری رہی تھی۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ یونیورسل رجسٹریشن سیریز مسائل پر قابو پانے کے ساتھ ساتھ سہولت اور جدت کی آئینہ دار ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسل سیریز کے تحت تمام اضلاع میں یکساں رجسٹریشن ممکن ہو سکے گی۔ عوام اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو نا خوشگوار حالات میں گاڑی کا نمبر رپورٹ کرنے میں آسانی ہوگی۔ اس عمل سے ایجنٹ مافیا اور کرپشن کا خاتمہ اور میرٹ کا حصول ممکن ہوسکے گا۔ صوبائی وزیر ایکسائز نے کہا کہ یونیورسل رجسٹریشن سیریز میں عوام کے لیے پرکشش نمبروں کا حصول بھی آسان تر بنایا گیا ہے۔ خواہش مند افراد گھر بیٹھے آن لائن رجسٹریشن کے ذریعے اپنی پسند کے نمبر کی نیلامی کے عمل میں حصہ لے سکیں گے۔ پاکستان سمیت دنیا بھر سے افراد ای آکشن میں حصہ لے سکیں گے۔ یہ منصوبہ عوامی سہولت کے ساتھ ساتھ محکمہ کے لیے ریونیو کے اضافے کا بھی بڑا ذریعہ ہوگا۔ حافظ ممتاز احمد نے کہا کہ محکمہ ایکسائز پنجاب صوبہ بھر کیلئے گاڑیوں کا یونیورسل نمبر جاری کر رہا ہے۔ پنجاب کے کسی بھی کونے سے گاڑی کا نمبر لگوائیں,کوئی تفریق نہیں ہوگی۔ حافظ ممتاز احمد نے کہا کہ صوبہ بھر میں گاڑی کی نمبر پلیٹ ایک جیسی جاری ہوا کرے گی۔ پنجاب بھر میں تمام گاڑیوں کو ایک جیسے یونیورسل نمبر جاری کیے جائیں گے۔ تمام اضلاع کی سیریل نمبر ختم کر دی گئی ہے۔ گاڑیوں کو AAA کے نام سے نمبر جاری کیے جائیں گے۔ موٹر سائیکل کی نمبر پلیٹ AAA کے نام سے جاری ہو گی۔ موٹر سائیکل نمبروں کی سیریل1001 تا 9999 تک جاری ہوگی۔ کمرشل گاڑیوں کو CAA کے نام کی سیریل جاری ہو گی۔ حافظ ممتاز احمد نے کہا کہ کمرشل گاڑیوں کو 1 تا 9999 تک نمبر جاری ہوں گے۔ سرکاری گاڑیوں کی سیریل نمبر GAA سے شروع ہو گی۔ سرکاری گاڑیوں کو1 تا 998 تک نمبر جاری ہوں گے۔ سیمی گورنمنٹ گاڑیوں کو SAA کی سیریل جاری ہوگی۔ سیمی گورنمنٹ گاڑیوں کو 998 تک نمبر جاری ہونگے۔ حافظ ممتاز احمد نے کہا کہ گاڑیوں کے یونیورسل نمبرز اور ای آکشن کا آج سے اجرا کر دیا ہے۔ محکمہ ایکسائز کو سمارٹ ٹیکنالوجی پر منتقل کر دیا ہے۔