ایس او پیز کی پابندی سے کرونا وائرس کے نئے کیسز کم ہوئے ہیں : سعودی وزارت صحت
ریاض (اے پی پی) سعودی وزارت صحت کے ترجمان ڈاکٹر محمد العبد العالی نے کہا ہے کہ سعودی عرب میں ایس او پیز کی پابندی کے نتیجے میں نئے کیسز کم ہوگئے ہیں تاہم وبا کے خاتمے کا اعلان عالمی تنظیمیں ہی کریں گی۔سعودی نشریاتی ادارے کے مطابق وزارت صحت کے ترجمان نے گزشتہ روز ایک بریفنگ کے دوران کہا کہ کرونا کی وبا ختم نہیں ہوئی اور نہ ہی اس کی کوئی موثر ویکسین ابھی تک ریکارڈ پر آئی ہے۔ ڈاکٹر العبد العالی نے کہا کہ ابھی تک کوئی ایسا طبی جائزہ سامنے نہیں آیا جس سے ثابت ہوتا ہو کہ مخصوص بلڈ گروپ کے لوگ کرونا وائرس سے زیادہ شدت سے متاثر ہوتے ہوں۔