ٹرمپ کے پوسٹل سروس ووٹنگ پر اعتراض کے بعد امریکی ایوان نمائندگان کا اجلاس طلب
واشنگٹن (اے پی پی) امریکی ایوان نمائندگان کی سپیکر نینسی پیلوسی نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ڈاک کے ذریعے ووٹنگ میں ممکنہ فراڈکے الزام کے باعث پوسٹل سروس کے تحفظ کے بل پر ووٹنگ کے لیے ایوان نمائندگان کا اجلاس رواں ہفتے طلب کر لیا۔نینسی پیلوسی نے گزشتہ روز اپنے ایک خط میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر الزام عائد کیا کہ وہ انتخابات کو سبوتاژ کرنے کی مہم میں مصروف ہیں۔ نینسی پیلوسی کا یہ بیان امریکی پوسٹل سروس کے اس انتباہ کے بعد سامنے آیا جس میں انہوں نے کہا کہ انتخابات میں پوسٹل ووٹوں کی گنتی کے لیے میل بیلٹس شاید وقت پر نہ پہنچ سکیں جس پر نینسی پیلوسی نے پوسٹل سروس کے نئے سربراہ لوئس ڈی جوئے کے 3 نومبر کو ہونے والے انتخابات میں ڈاک کے ذریعے ووٹنگ کے سست اقدامات اور پوسٹل سروس کو بدنام کرنے پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے باعث امریکیوں کی زندگیاں خطرے میں ہیں لہذا وہ پوسٹل سروس کے تحفظ اور اقدامات میں تبدیلی سے متعلق بل پر ووٹنگ کے لیے رواں ہفتے اجلاس طلب کر رہی ہیں۔ تاہم بل پر ووٹنگ کے حوالے سے تاریخ کا اعلان ابھی تک نہیں کیا گیا ہے۔