• news

قوم کی لوٹی دولت واپس کرنے کے سوا کوئی چارہ نہیں،مراد سعید کا بلاول کو جواب

اسلام آ باد (نمائندہ نوائے وقت ) وفاقی وزیر برائے مواصلات مراد سعید کا چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو کی پریس کانفرنس پر کہا ہے کہ قوم کی لوٹی گئی دولت واپس کرنے کے سوا کوئی چارہ نہیں ہے۔ بلاول بھٹو زرداری کی پریس کانفرنس پر ردعمل دیتے ہوئے مراد سعید نے کہا روز اول سے کہہ رہے ہیں کہ ان کی سیاست کا محور محض اپنی چوری بچانا ہے۔ مراد سعید کا کہنا تھا کہ چوری کا حساب دینے کے لیے بلایا جاتا ہے تو یہ کارکنان کو ڈھال بنا کر اداروں کو دھمکانے کے لیے آ جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کرپشن اور چوری میں ان کے اتحادی شریفوں کو بلوایا جاتا ہے تو وہ اداروں پر حملے کرتے ہیں۔ وفاقی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ سیاسی بحث و مباحثے کا فورم پارلیمنٹ ہے وہاں سے یہ بھاگ نکلتے ہیں، پرچی چیئرمین کو بارہا ٹی وی مباحثے کی بھی دعوت دے چکے ہیں لیکن ان میں ہمت نہیں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ قوم کو شریفوں اور زرداریوں کی سیاسی تقریروں میں نہیں، پوچھے گئے سوالات کے جوابات میں دلچسپی ہے۔ مراد سعید نے کہا کہ قوم کی لوٹی گئی دولت کا ان کے پاس جواب ہے نا شریفوں کے پاس، لیکن سیاست کی آڑ میں قطعا چوری بچانے کی اجازت نہیں دیں گے۔ وفاقی وزیر برائے مواصلات نے کہا کہ رسیدیں پیش کرنے یا قوم کی لوٹی گئی دولت واپس لوٹانے کے علاوہ کوئی چارہ نہیں ہے۔

ای پیپر-دی نیشن