• news

سارک ممالک  میں اقتصادی ‘ تجارتی تعلقات کے فروغ  سے خطے میں غربت ختم ہوگی: شاہ محمود

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) پاکستان میں تعینات قطر کے سفیر اور سری  لنکا کے ہائی کمشنر نے  وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے الگ الگ ملاقاتیں کیں۔ دفتر خارجہ کے مطابق قطر کے سفیر شیخ سعود بن عبدالرحمن الثانی کے ساتھ  ملاقات کے دوران  دو طرفہ تعلقات، مختلف شعبوں میں دو طرفہ تعاون کے فروغ سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر خارجہ نے قطر کے سفیر کو پاکستان میں اپنی ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد دی اور کہا کہ پاکستان اور قطر کے مابین گہرے، دیرینہ، برادرانہ تعلقات ہیں۔ توقع ہے کہ آپ کی تعیناتی سے پاک قطر تعلقات مزید مستحکم ہونگے اور خطے میں امن، استحکام، اور خوشحالی کے حصول کیلئے دوطرفہ تعاون میں اضافہ ہو گا۔ قطر کے  سفیر نے امیر قطر شیخ تمیم بن حماد الثانی اور قطری قیادت کی جانب سے پاکستان کی قیادت اور عوام کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ پاکستان میں تعینات سری لنکا کے ہائی کمشنر وائس ایڈمرل (ر) موہن وجے وکرما  نے وزارت خارجہ میں وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی۔ دوران ملاقات دو طرفہ تعلقات کے فروغ سمیت باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر خارجہ نے ہائی کمشنر کا منصب سنبھالنے پر سری لنکن سفیر کو مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سری لنکا کے ساتھ دو طرفہ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے۔ دونوں ممالک نے ہمیشہ ہر مشکل گھڑی میں ایک دوسرے کا ساتھ دیا ہے۔ وزیر خارجہ نے سری لنکا میں حالیہ الیکشن کے نتیجے میں وزیراعظم مہیندا راجہ پکاسا اور ان کی پارٹی کی نمایاں کامیابی پر مبارکباد دی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ دریں اثناء وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کی زیر صدارت وزارت خارجہ میں انسٹیٹیوٹ آف سٹرٹیجک سٹڈیز  کے محققین کا اجلاس منعقد ہوا۔ سیکرٹری خارجہ سہیل محمود، سپیشل سیکرٹری معظم احمد خان اور وزارت خارجہ کے سینئر افسران  نے  شرکت کی۔ دوران اجلاس خطے میں روابط کے فروغ، کووڈ 19 کے بعد بدلتے ہوئے عالمی منظر نامے اور سفارتی محاذ پر درپیش چیلنجز زیر بحث آئے۔ ڈائریکٹر جنرل (آئی ایس ایس آئی) ایمبیسڈر ( ر) اعزاز چوہدری نے وڑن 2020 - 2023 کے حوالے سے وزیر خارجہ کو مفصل بریفنگ دی۔ شاہ محمود نے سارک چیمبرز  آف کامرس  میں اینڈ  انڈسٹری کے صدر افتخار ملک  اور دیگر عہدیداروں‘ حاجی غلام علی‘  زبیر احمد ملک کی ملاقات کے دوران  بات چیت کرتے ہوئے کہا ہے کہ سارک ممالک کے درمیان اقتصادی و تجارتی تعاون کے فروغ سے، خطے میں غربت و افلاس کی شرح کم کرنے اور لوگوں کا معیار زندگی بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔ سارک ممالک کے مابین تجارتی تعلقات کے فروغ سمیت باہمی دلچسپی کے متعدد امور پر تبادلہ خیال  کیا گیا۔ وزیر خارجہ نے سارک چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا صدر منتخب ہونے پر افتخار ملک کو مبارکباد دی اور کہا کہ   سارک ممالک کے ساتھ تجارتی تعلقات کو فروغ دینا ہماری اولین ترجیح ہے۔

ای پیپر-دی نیشن