سول ایوی ایشن ملبہ کسی اور پر ڈال رہی ہے‘ ہائیکورٹ: پائلٹ کو نوٹس معطل
لاہور ( وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ نے پی آئی اے کے پائلٹ کی لائسنس بحالی کے لئے دائر درخواست پر درخواست گزار پائلٹ کو دیا گیا نوٹس معطل کردیا۔ عدالت نے وفاقی حکومت، سول ایوی ایشن اتھارٹی سمیت دیگر کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا۔ لاہور ہائیکورٹ نے پائلٹ عمر سلیم کی درخواست پر سماعت کی جس میں پائلٹ نے لائسنس معطلی کے نوٹس کو چیلنج کیا ہے۔ عدالت نے ریمارکس دیئے کہ سول ایوی ایشن اپنی غلطیوں کا ملبہ کسی اور پر ڈال رہی ہے۔ وفاقی وزیر ہوا بازی کے بیان کے بعد اب تو جہاز پر سفر کرتے ہوئے ڈرلگتا ہے۔ عدالت نے حیرت کا اظہار کیا کہ اگر لائسنس جاری کئے گئے تو پھر بغیر کسی غلطی کے کیسے معطل کرسکتے ہیں۔ وکیل نے یہ بتایا کہ درخواست گزار پائلٹ کے لائسنسں کی پانچ بار تجدید کی گئی اور لائسنس 2024ء تک تجدید شدہ ہے۔