لاک ڈائون کے باعث خطے کے ممالک کو پاکستانی برآمدات میں 24 فیصد کمی ہوئی: سٹیٹ بینک
اسلام آباد(اے پی پی) گزشتہ مالی سال 2019-20ء کے دوراں خطے کے ممالک کو کی جانے والی برآمدات میں 24 فیصد کمی ہوئی ہے، برآمدات میں کمی کا بنیادی سبب مارچ 2020ء میں کوروناوائرس کی وبا کے پھیلائو پر قابو پانے کے لئے لگایا جانے والا لاک ڈائون ہے۔ سٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) کے اعداد وشمار کے مطابق گزشتہ مالی سال میں خطے کے ممالک افغانستان، چین، بنگلہ دیش، سری لنکا، بھارت ، ایران ، نیپال ، بھوٹان اور مالدیپ کو کی جانے والی قومی برآمدات 3.738 ارب ڈالر تک کم ہو گئیں جبکہ مالی سال 2018-19ء کے دوران برآمدات کاحجم 4.678 ارب ڈالر رہا تھا۔ اس طرح مالی سال 2019ء کے مقابلہ میں گزشتہ مالی سال 2020 ء کے دوران ہمسایہ ممالک کوکی جانے والی برآمدات میں 92 کروڑ ڈالر یعنی 24 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ دوسری جانب درآمدات میں کمی کے باعث ہمسایہ ممالک سے کی جانے والی تجارت کے خسارہ میں بھی کمی ہوئی ہے۔ ایس بی پی کے مطابق مالی سال کے دوران افغانستان کو کی جانے والی برآمدات 25.5 فیصد کی کمی سے 1.192 ارب ڈالر کے مقابلہ میں 888.913 ملین ڈالر تک کم ہو گئیں۔ اسی طرح چین کو کی جانے والی برآمدات بھی 10.5 فیصد کم ہو گئیں اور گزشتہ مالی سال 2020ء کے دوران برآمدات کاحجم 1.663 ارب ڈالر تک کم ہو گیا جبکہ مالی سال2019ء میں چین کو 1.858 ارب ڈالر کی برآمدات کی گئی تھیں۔ سٹیٹ بینک کے مطابق گزشتہ مالی سال کے دوران بھارت کو کی جانے والی قومی برآمدات میں سب سے زیادہ 90.8 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ مالی سال 2019ء کے دوران بھارت کو 311.958 ملین ڈالر کی برآمدات کی گئی تھیں جو گزشتہ مالی سال 2020ء کے دوران 28.644 ملین ڈالر تک کم ہو گئیں۔ اسی طرح ایران کو کی جانے والی برآمدات 2.942 ملین ڈالر کے مقابلہ میں 0.055 ملین ڈالر تک کم ہو گئیں جبکہ بنگلہ دیش کو کی جانے والی برآمدات کا حجم بھی 6.79 فیصد کی کمی سے 744.720 ملین ڈالر کے مقسابلہ میں 694.124 ملین ڈالر تک کم ہو گیا۔ مزید برآں سری لنکا کو کی جانے والی برآمدات میں گزشتہ مالی سال کے دوران 5.49 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے اور برآمدات کا حجم 303.761 ملین ڈالر کے مقابلہ میں 287.941 ملین ڈالر تک کم ہو گیا۔ دوسری جانب نیپال کو کی جانے والی ملکی برآمدات گزشتہ مالی سال میں 86.7 فیصد اضافہ سے 21.679 ملین ڈالر تک پہنچ گئیں جبکہ مالی سال 2019ء میں نیپال کو 2.872 ملین ڈالر کی برآمدات کی گئی تھیں جبکہ مالدیپ کو کی جانے والی برآمدات بھی 37.36 فیصد اضافہ سے 6.172 ملین ڈالر کے مقابلہ میں 8.478 ملین ڈالر تک بڑھ گئیں۔