مجلس قائمہ‘ کیپٹل ٹریٹری ٹرسٹ بل ‘انسداد دہشتگردی ترمیمی بل اتفاق رائے سے منظور
اسلام آباد(نیوزرپورٹر)حکومت کی جانب سے اس یقین دہانی کے بعد کہ تیس دن کے اندر بلز کی تکنیکی خامیوں کا ازالہ کردیا جائے گا۔سینٹ کی مجلس قائمہ برائے داخلہ نے اسلام آباد کیپٹل ٹریٹری ٹرسٹ بل 2020 ء اور انسداد دہشتگردی ترمیمی بل 2020ء کی اتفاق رائے سے منظوری دے دی ۔سینٹ کی مجلس قائمہ برائے داخلہ کا اجلاس چیئرمین کمیٹی سینیٹررحمان ملک کی زیر صدار ت پارلیمنٹ ہائوس میں منعقد ہوا۔ قائمہ کمیٹی کے اجلاس میں 13اگست 2020کو منعقد ہونے والے سینیٹ اجلاس میں پیش کئے گئے قومی اسمبلی سے پاس ہونے والے اسلام آباد کیپٹل ٹریٹری ٹرسٹ بل 2020ء اور انسداد دہشتگردی ترمیمی بل 2020ء کا تفصیل سے جائزہ لیا گیا ۔ سیکرٹری داخلہ نے قائمہ کمیٹی کو بتایا کہ بل میں کچھ انتظامی امور چیزوں کی اپ ڈیٹ اور قانون کو مزید موثر بنانے کے حوالے سے ترامیم تجویز کی گئی ہیں اس قانون کو ایف اے ٹی ایف کی ریکوائرمنٹ کے مطابق بہتر کرنے کی کوشش کی گئی ہے ۔ قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی نے اس بل کی تفصیل سے جائزہ لے کر منظور ی دی ہے ۔ سینیٹر جاوید عباسی نے کہا کہ پرانے قانون کو بہتر کرنے کے لئے تجاویز ہیں ۔ سینیٹر فاروق ایچ نائیک نے بل میں کچھ ٹیکنکل غلطیوں کی نشاندہی کی جس پر چیئرمین کمیٹی نے کہا کہ فاروق ایچ نائیک کی طرف سے اٹھائی گئی غلطیوں کا ازالہ کیا جائے سینیٹر اعظم خان سواتی نے قائمہ کمیٹی کو تحریری طور پریقین دہانی کرائی کہ 30دن کے اندر ترمیم لا کر غلطیوں کا ازالہ کر دیا جائے گا۔ قائمہ کمیٹی نے یقین دہانی کے بعد کثرت رائے سے بل کی منظوری دے دی ۔ سینیٹر جاوید عباسی نے کہا کہ ہر بل کے اغراز و مقاصد میں ایف اے ٹی ایف کی وجہ لکھنے کی ضرورت نہیں ہے ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ اپنے قوانین کو ملک و قوم کے مفاد میں بہتر کریں جس پر سیکرٹری داخلہ نے کہا کہ آئندہ احتیاط کی جائے گی اگر ضرورت نہ ہوئی تو نہیں لکھا جائے گا۔ سینیٹر فاروق ایچ نائیک نے کہا کہ بل میں کچھ چیزوں کو واضح کرنے کی ضرورت ہے جس پر کمیٹی نے فیصلہ کیا کہ جن تحفظات کا اظہار فاروق ایچ نائیک نے کیا ہے اُن کو بعد میں ترمیم کے ساتھ دور کر دیا جائے گا کمیٹی نے کثرت رائے سے بل کی منظوری دے دی۔ سینیٹر کہدہ بابر نے کہا کہ گوادر باڈر کو بند کرنے سے لوگوں کو بے شمار مسائل کا سامنا ہے اموات کی وجہ سے لوگ تعزیت کیلئے بھی نہیں جا سکتے یہ مسئلہ پہلے بھی اٹھایا تھا کمیٹی سفارش کرے کہ گوادر باڈر کو کھولا جائے ۔ اجلاس میں قائد ایوان سینیٹ سینیٹر ڈاکٹر شہزاد وسیم، سینیٹرز کلثوم پروین ، محمد جاوید عباسی ، سردار محمد شفیق ترین ، محمد اعظم خان سواتی ، رانا مقبول احمد، فاروق ایچ نائیک، کہدہ بابر اور حاجی مومن خان آفریدی کے علاوہ سیکرٹری داخلہ یوسف نسیم کھوکھر، ایڈیشنل سیکرٹری داخلہ ، ڈی جی اسلام آباد سیدہ شفق ہاشمی، ڈی جی نیکٹااور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی ۔