• news

سرگودھا: فائرنگ کر کے وکیل سمیت2 حقیقی بھائیوں کو قتل کر دیا

سرگودہا (نامہ نگار) سرگودھا شہر کے علاقہ لقمان ٹائون 49 ٹیل میں مسلح نامعلوم افراد نے فائرنگ کر کے دو سگے بھائیوں کو قتل کر دیا اور فرار ہو گئے۔ مقتولین میں ایک بھائی وکیل ہے۔ پولیس نے نعشیں قبضہ میں لیکر پوسٹمارٹم کے لیے ہسپتال منتقل کر کے تحقیقات شروع کر دی۔ آر پی او نے نوٹس لیتے ہوئے رپورٹ طلب کر کے ملزمان کی گرفتاری کا حکم دے دیا۔ ذرائع کے مطابق سرگودھا شہر میں 49 ٹیل سرگودھا فیصل آباد روڈ لقمان ٹائون کے مالک چوہدری اکرم باجوہ کے دو بیٹے سمیع اللہ ایڈووکیٹ اور کامران نماز کی ادائیگی سے واپس آ کر گھر کے باہر چہل قدمی کر رہے تھے کہ اس دوران مسلح نامعلوم افراد نے ان پر اندھا دھند فائرنگ کر دی جس کے نتیجہ میں دونوں بھائی موقع پر جاں بحق ہو گئے۔ اطلاع پر تھانہ کینٹ پولیس بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی جہاں سے دونوں نوجوانوں کی نعشیں قبضہ میں لیکر نعشیں پوسٹمارٹم کے لئے ڈی ایچ کیو ٹیچنگ ہسپتال منتقل کر دی۔ آر پی او افضال احمد کوثر نے قتل کی واردات کو نوٹس لیتے ہوئے ڈی پی او فیصل گلزار سے رپورٹ طلب کر تے ہوئے ملزمان کی فوری گرفتاری کا حکم دیا۔ قتل کی واردات میں  مقتول سمیع اللہ وکیل ہے۔ ڈسٹرکٹ بار سرگودھا کے صدر کی طرف سے وکیل سمیع اللہ ایڈووکیٹ اور اس کے بھائی کے قتل پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ملزمان کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ ڈسٹرکٹ بار کی طرف سے واقعہ کے بعد بعد دو بھائیوں کے قتل پر یوم سوگ مناتے ہوئے ہوئے مکمل ہڑتال کی گئی اور مطالبہ کیا گیا کہ ملزمان کو فوری ٹریس کرکے گرفتار کیا جائے۔

ای پیپر-دی نیشن