• news

بہتر تربیت‘ عزم سے پیشہ ور فوج تعداد، سامان کی قلت کو متوازن بنا سکتی ہے: ائر چیف  

 اسلام آباد (این این آئی) پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل مجاہد انور خان نے کہا ہے کہ پاک فضائیہ کی شاندار تاریخ اس بات کی غماز ہے کہ کوئی بھی پیشہ ور فوج تعداد اورساز و سامان کی قلت کو اپنے عزم و ہمت اور بہتر تربیت سے متوازن کر سکتی ہے۔ وہ ائیر پاور سنٹر آف ایکسیلینس میں منعقدہ   53ویں کمبیٹ کمانڈرز کورس کی گریجوایشن تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ ائیر چیف مارشل مجاہد انور خان نے اس تقریب میں بطور  مہمانِ خصوصی  شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سربراہ پاک فضائیہ نے کہاکہ ’’عصر حاضر میں درپیش چیلنجز اور ان سے منسلک حکمت عملی سے اچھی طرح آگاہ ہوکر ہی ہم پاک فضائیہ میں بہترین عسکری تربیت  کے حصول کو ممکن بنا سکتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پیشہ ورانہ مہارت اور سچی لگن کے ساتھ ساتھ بہترین نظم و ضبط اورکامریڈ شپ پاک فضائیہ کے نصب العین کی مؤثر تکمیل کے لئے ضروری ہیں۔ سربراہ پاک فضائیہ  نے گریجوایٹ ہونے والے افسران میں اسناد اور انعامات تقسیم کئے۔

ای پیپر-دی نیشن