• news

’’موساد‘‘ سربراہ کا پہلا دورہ امارات: سوڈان کا بھی اسرائیل سے امن معاہدے پر غور

ابوظہبی‘ خرطوم (نوائے وقت رپورٹ+ انٹر نیشنل ڈیسک+بی بی سی) اسرائیلی خفیہ ایجنسی کے سربراہ نے متحدہ عرب امارات کا دورہ کیا ہے۔ اماراتی میڈیا کے مطابق ’’موساد‘‘ کے سربراہ نے یو اے ای کے قومی سلامتی مشیر سے ملاقات کی جس میں دوطرفہ تعلقات‘ علاقائی ترقی اور سکیورٹی تعاون کے معاملات پر بات چیت کی گئی۔ اماراتی سرکاری میڈیا کے مطابق اسرائیل کی خفیہ ایجنسی موساد کے سربراہ یو سی کوہن نے سکیورٹی بات چیت کے لئے متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کا دورہ کیا ہے۔ غیرملکی خبر رساں ادارے نے یو اے ای کی سرکاری نیوز ایجنسی ’’ڈبلیو ای ایم‘‘ کا حوالہ دے کر کہا کہ یو سی کوہن نے ابوظہبی میں متحدہ عرب امارات کے قومی سلامتی کے مشیر شیخ طحنون بن زید النہیان کے ساتھ سلامتی کے شعبوں میں تعاون اور علاقائی پیشرفت پر تبادلہ خیال کیا۔ واضح رہے کہ متحدہ عرب امارات اور اسرائیل کے مابین ’امن معاہدے‘ کے بعد کسی اسرائیلی عہدیدار کا ابوظہبی کے لئے یہ پہلا اعلیٰ سطح کا دورہ ہے۔ ترجمان سوڈانی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ اسرائیل سے امن معاہدہ کرنے پر غور کر رہے ہیں۔ سوڈان اور اسرائیلی حکام کے درمیان رابطے سے انکار نہیں۔ دونوں ممالک کے درمیان عداوت جاری رکھنے کی کوئی وجہ نہیں۔ اسرائیل سے تعلقات سوڈان کے مفاد میں قائم کئے جائیں گے۔ اسرائیل اور سوڈان کے درمیان معاہدہ رواں برس کے آخر یا اگلے سال کے اوائل میں متوقع ہے۔ادھر اسرائیلی وزیر اعظم نے کہا سعودی فضائی حدود سے تل ابیب دبئی کے درمیان پروازیں شروع کرنے پر غور کر رہے ہیں۔
     

ای پیپر-دی نیشن