• news

لاہور: تباہی ٹل گئی، ریلوے سٹیشن کے قریب سے خودکش حملہ آور گرفتار، جیٹ، 2 ہینڈ گرنیڈ برآمد

لاہور (نامہ نگار/ سٹاف رپورٹر) کاونٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ نے لاہور ریلوے سٹیشن کے قریب سے ایک دہشت گردکوگرفتار کر کے اس کے قبضے سے خود کش جیکٹ، 2 ہینڈ گرنیڈ، دھماکہ خیز مواد‘ پسٹل‘ گولیاں برآمد کر لی ہیں جبکہ دہشت گرد کی گرفتاری کے بعد ریلوے سٹیشن سمیت شہر میں حساس مقامات پر سکیورٹی ریڈ الرٹ کر دی گئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق گرفتار دہشت گرد لیاقت خان کا تعلق کالعدم تنظیم ٹی ٹی پی اور حزب الاحرار سے ہے۔ دہشت گرد ریلوے سٹیشن کے قریب اپنے دور سے خودکش حملہ آور ساتھی کا انتظار کر رہا تھا۔ خودکش حملہ آور نے منصوبہ بندی کے مطابق حساس تنصیبات اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے دفاتر کو نشانہ بنانا تھا۔گرفتار دہشت گرد کو تحقیقات کے لئے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا ہے۔ علاوہ ازیں سی ٹی ڈی کی جانب سے  ریلوے سٹیشن لاہور کے قریب سے خودکش حملہ آور کی گرفتاری کے بعد ریلوے پولیس کی جانب سے ملک بھر کے تمام بڑے ریلوے سٹیشنوں کی سکیورٹی کو بڑھا دیا گیا ہے۔ ریلوے سٹیشنوں کے داخلی اورخارجی راستوں پر ریلوے پولیس کمانڈوز کو تعینات کر دیا گیا ہے جبکہ مشکوک افراد پر کڑی نظر رکھنے کے لئے سفید پارچات پر مشتمل خصوصی ٹیمیں بھی تشکیل دی گئی ہیں۔ اے آئی جی ایڈمن پاکستان ریلوے پولیس ملک محمد عتیق نے ایس پی ریلوے پولیس لاہور کے ہمراہ ریلوے سٹیشن لاہور کا دورہ کیا اور سکیورٹی صورتحال کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر اے آئی جی ایڈمن پاکستان ریلوے پولیس کا کہنا تھا کہ ریلوے مسافروں کی جان و مال کو تحفظ فراہم کرنا اولین ترجیح ہے اور اس سلسلے میں ریلوے پولیس کی تمام ڈویژنوں کے ایس پیز کو سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کرنے کی ہدایات دی گئی ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن