• news

بھارتی، افغان خفیہ ایجنسیوں کی پرستی میں پاکستان دشمن 3 دہشتگرد تنطیمیں متحد

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) پاکستان دشمن 3دہشتگرد تنظیموں نے اتحاد کر لیا بھارت اور افغانستان کے خفیہ اداروں کا پاکستان کے خلاف گٹھ جوڑ، پاکستان کو بدنام کرنے کی گھناؤنی سازش بھی سامنے آ گئی۔ انڈین خفیہ ادارے ’’را‘‘ اور افغان سکیورٹی ایجنسی ’’این ڈی ایس‘‘ نے پاکستان کے سکیورٹی اداروں کو نشانہ بنانے کے لیے کالعدم تنظیموں سے رابطے شروع کر دیئے ہیں۔ دونوں خفیہ ادارے کالعدم تحریک طالبان پاکستان اور دیگر باغی دھڑوں کو پاکستان کے خلاف متحد کرنے کی کوششیں کر رہے ہیں۔ را اور این ڈی ایس حکام کی جماعت الاحرار اور حزب الاحرار اور کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے نمائندوں سے بھی ملاقاتوں کا انکشاف ہوا ہے۔ ذرائع کے مطابق 16 اگست کو دونوں ایجنسیوں کے حکام کا کالعدم تنظمیوں کے ساتھ پکتیکا اور کنڑ میں اہم اجلاس ہوا جس میں تحریک طالبان پاکستان، جماعت الاحرار اور حزب الاحرار کے نمائندوں نے شرکت کی۔ اجلاسں میں جماعت الاحرار کے اکرام اللہ ترابی نے شرکت کی جسے کچھ عرصہ قبل عدالت نے ضمانت پر رہا کیا تھا۔ اکرام اللہ ترابی کو دسمبر 13 میں افغانستان سے ایساف نے گرفتار کرکے پاکستان کی حوالے کیا تھا۔ اجلاس میں پاک فوج، پولیس، رینجرز، ایف سی اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں پر حملوں کا ناپاک فیصلہ کیا گیا۔ خیال رہے کہ ’’را‘‘ اور ’’این ڈی ایس‘‘ افغانستان میں دیرپا امن کی راہ میں بھی بڑی رکاوٹ ہیں۔ پاکستان اور امریکا کی مشترکہ امن کوششوں کو سبوتاژ کرنے کی گھناؤنی سازش بھی تیار کر لی گئی ہے۔ ایجنسیوں نے مولوی رفیع الدین عرف ابو حمزہ کے ذریعہ اجلاس کا مقام ظاہر نہ کرنے کی بھی سازش کی۔ ’’را‘‘ اور ’’این ڈی ایس‘‘ کی جانب سے پیغام میں کالعدم تنظیموں کو ہدایت دی گئی ہے کہ پکتیکا اور کنڑ میں ہونے والے اجلاسوں کے مقامات کو ظاہر نہ کیا جائے بلکہ یہ ظاہر کیا جائے کہ اجلاس پاکستان میں کسی مقام پر ہوا ہے، ایسا کرنے سے سارا الزام بھی پاکستان پر آئے گا۔

ای پیپر-دی نیشن