• news

سازشی ترقی نہیں چاہتے، ہر چار ماہ بعد میرے جانے کا شوشہ چھوڑ دیا جاتا ہے: عثمان بزدار

لاہور/ راولپنڈی (نیوز رپورٹر+ اپنے سٹاف رپورٹر سے) وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے  راولپنڈی اور اسلام آباد کے سیاحتی مقامات کی سیر کے لئے ڈبل ڈیکر بس سروس کا افتتاح کیا۔ عثمان بزدار نے ڈبل ڈیکر بس سروس کے افتتاح کے بعد بس کا معائنہ کیا۔ وزیراعلی عثمان بزدار کو ڈبل ڈیکر بس سروس کے بارے میں بریفنگ میں بتایا گیا کہ ڈبل ڈیکر بس سروس کا روٹ علامہ اقبال پارک سے پاکستان مونومنٹ تک ہو گا۔ وزیراعلی نے شجر کاری کے قومی دن کے موقع پر پارک میں پودا بھی لگایا۔ افتتاحی تقریب سے خطاب  میں انہوں نے  کہا کہ سیاحت وزیراعظم  کے دل کے بہت قریب ہے۔ کرونا کے باعث سیاحتی سرگرمیاں ماند رہیں لیکن اب گھٹن کم ہونے کے بعد صوبے میں سیاحتی سرگرمیاں بحال ہو رہی ہیں۔ راولپنڈی کے عوام سے کیاگیا ایک اور وعدہ پورا کر دیا ہے۔ تحریک انصاف کی حکومت کا تحفہ ہے۔ بزرگ شہریوں اور خصوصی افراد کو رعایت دی جائے گی۔ کوہ سلیمان سے مری تک پنجاب کو ٹورسٹ حب بنائیں گے۔ پنجاب میں سیاحت کو فروغ دینے کا بہت پوٹینشل ہے۔ سیاحت کے فروغ سے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے ۔ ڈبل ڈیکر بس سروس کا جلد بہاولپور میں بھی آغاز کریں گے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے سیاحت کے فروغ کے لئے ڈبل ڈیکر بس سروس کا دائرہ کار دیگر شہروں تک بڑھانے کا اعلان کیا اور کہا کہ پنجاب کے اندر سیاحت کو فروغ دینے کیلئے ہر ممکن اقدام کریں گے۔ راولپنڈی رنگ روڈ کے حوالے سے عوام کو جلد خوشخبری ملے گی۔ جہلم، چکوال اور اٹک میں خوبصورت مقامات اورجھیلیں ہیں، ان علاقوں میں سیاحت کے بہت مواقع ہیں۔ میڈیا سے غیر رسمی گفتگو میں وزیراعلیٰ نے  کہا کہ سازشیں کرنے والے لوگ ملک اور صوبے کی ترقی نہیں چاہتے۔ سازشی عناصر ملک کی ترقی کے خلاف ہیں۔ ہر چار ماہ بعد میرے جانے کا شوشہ چھوڑدیا جاتا ہے۔ لائسنس اجراء کے حوالے سے کیس عدلیہ میں ہے، اس پر مزید بات نہیں کروں گا۔ نیب کے سوالات کے جوابات ٹی وی چینلز پر آگئے ہیں۔ ہم عدلیہ سمیت ہر آئینی ادارے کا احترام کرتے ہیں۔ ہمیشہ قانون کے مطابق اپنے فرائض ادا کئے اور کر تا رہوں گا۔ عثمان بزدارسے سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر اور وزیر دفاع پرویز خٹک نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور، سیاسی صورتحال اورفلاح عامہ کے منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا اور باہمی رابطوں کے سلسلے کو مزید مؤثر بنانے پر اتفاق کیا گیا - وزیر اعلی  اسد قیصر اور  پرویز خٹک نے وزیراعظم  کی انسداد کورونا کی کامیاب پالیسی کی تعریف کی۔ عثمان بزدار نے کہا کہ  عمران خان کی قیادت میں ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہو چکا ہے۔ وزیراعظم عمران خان قائد بے مثال ہیں اوران کی رہنمائی ہمارے لئے مشعل راہ ہے۔دوبرس میں کئی برسوں کا کام نمٹایااورسابق حکومتوں کی غلطیوں اورکوتاہیوں کا ازالہ کیا۔ پنجاب میں ترقی ایک جگہ مرتکز کرنے کی بجائے دائرہ کار وسیع کردیا ہے۔ عثمان بزدار نے شجرکاری کے قوم دن پر پیغام میں کہا ہے کہ درخت لگا کر نئی نسلوں کا مستقبل محفوظ بنا رہے ہیں درخت ہمارے دوست ہیں جو ہمیشہ وفا کرتے ہیں شجرکاری پاکستان تحریک انصاف کی ترجیحات میں سر فہرست ہے۔

ای پیپر-دی نیشن