• news

حکومت کے 2سال،عام آدمی‘ صنعت کار کو نقصان‘ مافیا نے فائدہ اٹھایا‘ مرتضیٰ وہاب

لاہور(نیٹ نیوز)ترجمان سندھ حکومت مرتضی وہاب نے کہا ہے کہ تحریک انصاف حکومت نے 2 سال میں ملک میں تباہی مچا دی، انہوں نے تیل دریافت کرنے کا وعدہ کیا لیکن عوام کا تیل نکال دیا۔ میڈیا سے گفتگو میں مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ گزشتہ 2 برس میں پی ٹی آئی حکومت نے تباہی کی، عام آدمی اور صنعت کار کا نقصان ہوا ہے فائدہ صرف مافیا کا ہوا ہے جو وزیر اعظم کے آس پاس بیٹھے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کے دور میں آٹے کی قیمت میں 29 فیصد، چینی میں 78 فیصد، مرغی میں 70 فیصد جب کہ پکوان تیل کی قیمت میں 35 فیصد اور دالوں کی قیمت میں 112 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ان کا کہنا ہے کہ یہ بڑی بڑی باتیں کرتے تھے کہ ہم آئیں گے اور سونامی والا انقلاب آئے گا، گردشی قرض 2.2 کھرب روپے پر پہنچ چکا ہے، دو سال میں 1.2 کھرب گردشی قرض میں اضافہ ہوا، عمران خان نے کہا تھا کہ میں قرض نہیں لوں گا لیکن 24.2 کھرب سے 34.4 کھرب پر پہنچا دیا۔10 کھرب قرض لینے کے بعد 162 ارب روپے کراچی کو نہیں ملے، کوئی وعدہ وفا نہیں ہوا ۔ان کا کہنا تھا کہ ہم اپنے دور میں کسی پرائیویٹ بندے کو چیئرمین ایف بی آر نہیں لگا سکتے تھے، 2018 میں ایف بی آر کی ریونیو کلیکشن 3.84 کھرب روپے تھی، 2019 میں فرشتے تھے تو ٹیکس ریونیو میں اضافہ ہونا چاہیے تھا لیکن ٹیکس محصولات کم ہوکر 3.9 کھرب ہوئے جب کہ سندھ ریونیو بورڈ بنا تو کلیکشن 9 ارب تھی جو اب بڑھ کر 105 ارب ہے۔

ای پیپر-دی نیشن