پنو عاقل: مبینہ ذہنی مریض کے ہاتھوں بیوی بچوں سمیت گھر کے 11 افراد قتل
لاہور (نوائے وقت رپورٹ) پنو عاقل میں گھر کے سربراہ نے ہی خاندان کے 11 افرادکو قتل کردیا۔ پولیس کے مطابق واقعہ پنو عاقل کے علاقے کینٹ حدود میں پیش آیا جہاں گھر کے سربراہ ملزم وہاب نے بیوی بچوں سمیت اپنے ہی گھر کے 11 افراد کو چھریوں کے وار کر کے قتل کردیا۔ ایس ایس پی عرفان سموں کے مطابق مقتولین میں ملزم کی بیوی، 4 بیٹیاں، 3 بیٹے، بہو، پوتی اور پوتا شامل ہیں جن کی نعشیںقریبی ہسپتال منتقل کردی گئی ہیں۔ ایس ایس پی عرفان سموں نے بتایا کہ ملزم نے تمام افراد کو رات سوتے ہوئے قتل کیا۔ مرنے والوں میں ایک سال کا بچہ بھی شامل ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی اطلاع ملنے پر فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو اس کی رہائش گاہ سے گرفتار کرلیا۔ جبکہ ملزم کے ساتھ اس کے تین بیٹوں کو بھی گرفتار کیا ہے تاہم ملزم کے بیٹوں کے قتل میں ملوث ہونے کے بارے میں ابھی تصدیق نہیں کی جاسکتی۔ پولیس کا بتانا ہے کہ ملزم سے تفتیش جاری ہے اور بظاہر ایسا لگتا ہے کہ وہ ذہنی مریض ہے۔ دوسری جانب وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی سے تفصیلی رپورٹ طلب کرلی۔ انہوں نے کہا کہ واقعہ کی وجوہات کیا ہیں؟۔ کیا خاندانی مسائل کی وجہ سے یہ واقعہ پیش آیا یا دشمنی ہے، واقعے کی ہر پہلو سے تحقیقات کی جائے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے انتظامیہ اور پولیس کو متاثرہ خاندان کے ساتھ مکمل تعاون کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔ مزید برآں ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ مقتولین کو قتل سے پہلے نشہ آور شے دینے کے شواہد ملے ہیں۔