چکی آٹا 3 سے 4 روپے کلو مہنگا: گندم من 2250 کی ہو گئی
لاہور (کامرس رپورٹر) صوبائی دارالحکومت میں بعض آٹا چکی مالکان نے فی کلو آٹے کی قیمت میں تین سے چار روپے کا اضافہ کردیا۔ ان کا موقف ہے کہ منڈیوں میں گندم کی فی من قیمت 2250 روپے سے تجاوز کر گئی ہے جبکہ لاہور آٹا چکی اونرز ایسوسی ایشن نے آٹے کی قیمت میں مزید اضافہ کا خدشہ ظاہر کیا اور کہا ہے کہ کہ اگر گندم کی قیمت میں کمی نہ آئی تو چکی کے آٹے کی قیمت آنے والے دنوں میں 80 روپے فی کلوتک پہنچ جانے کو خارج از امکان قرار نہیں دیا جاسکتا۔ آٹا چکی اونرز ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری عبدالرحمن نے بتایا کہ ایسوسی ایشن نے قیمت بڑھانے کا باضابطہ فیصلہ نہیں کیا تاہم بعض چکی مالکان فی کلو آٹا 75 سے 76 روپے فی کلو تک فروخت کر رہے ہیں۔ ایسوسی ایشن کا ریٹ بدستور72 روپے کلو ہے لیکن گندم کی اوپن مارکیٹ میں قیمت پر حکومت کا کوئی کنٹرول نہیں جس کے نتیجہ میں منڈیوں میں گندم 2000 سے 2250 روپے فی من تک فروخت کی جا رہی ہے۔ حکومت گندم کی قیمت میں کمی کے اقدامات کرے۔ واضح رہے کہ گزشتہ گیارہ ہفتوں کے دوران آٹا چکی مالکان نے قیمت میں 12 سے 16 روپے فی کلو کا اضافہ کیا ہے۔