• news

ساؤتھمپٹن میں بارش، قوی کرکٹرز کی ان ڈور ٹریننگ، ٹیسٹ سیریز برابر کرینگے: مصباح الحق

لاہور(نمائندہ سپورٹس +سپورٹس رپورٹر) پاکستان کرکٹ ٹیم نے انگلینڈ کیخلاف تیسرے ٹیسٹ کی تیاریوں کیلئے گزشتہ روز ان ڈورٹریننگ سیشن کیا، ساوتھمپٹن میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری رہاجس کے سبب ٹریننگ سیشن متاثر ہوا۔ بیٹنگ بائولنگ کیساتھ ساتھ فیلڈنگ اور فزیکل ڈرلز بھی کی گئیں۔ساوتھمپٹن میں آج اور کل بھی بارش کی پیشگوئی ہے۔پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان سیریز کا تیسرا ٹیسٹ میچ کل 21 اگست سے شروع ہوگا،میچ پاکستانی وقت کے مطابق سہ پہر تین بجے شروع ہوگا۔قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹر مصباح الحق نے کہا ہے کہ تیسرا ٹیسٹ جیت کر سیریز برابر کریں گے۔  ’فٹنس‘ ہماری ٹیم کی حکمت عملی کا اہم جزو ہے۔ کرونا وائرس کی وباء کے تین ماہ جس طرح کھلاڑیوں نے فٹنس کے معیار کے حوالے سے خود ذمہ داری لینا شروع کی ہے اسے سراہنا چاہیے۔ وہ جانتے ہیں فٹنس کا اعلیٰ معیار دباؤ میں بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرنے میں مدد کریگا۔ جس طرح محمد رضوان نے پچ پر رننگ اورٹیل اینڈرز کیساتھ بیٹنگ کی ہے وہ اس کی سب سے بڑی مثال ہے، شان مسعود بھی پہلے ٹیسٹ میں 8 گھنٹے بیٹنگ اور شاداب کیساتھ بہترین رننگ کرکے مظاہرہ کر چکے ہیں۔ شاداب خان کا شمار ٹیم میں شامل چند سب سے فٹ کھلاڑیوں میں ہوتا ہے۔ بہت ضروری ہے کہ کھلاڑی دباؤ میں بہتر کھیل کا مظاہرہ کریں، ساؤتھمپٹن میں کھیلی گئی اننگز سے محمد رضوان کے اعتماد میں مزید اضافہ ہوگا۔ فائیٹ بیک کرنا ہمیشہ مشکل ہوتا ہے تاہم مانچسٹر میں جو کچھ اس کے بعد کھلاڑیوں کا عزم اور اعتماد شاندار تھا،  مشکل کنڈیشنز میں اظہر علی، عابد علی اور بابر اعظم پر مشتمل ٹاپ آرڈر میں شراکت داری دیکھ کر بہت حوصلہ افزائی ہوئی۔ یاسر شاہ نے انگلش بلے باز وں کیلئے مشکلات کھڑی کر دی تھیں۔ فاسٹ باولرز نے بھی اچھی باولنگ کا مظاہرہ کیا۔ باولرز کو تیسرے ٹیسٹ سے قبل اچھا اعتماد دیا ہے، اب یہ ایک بڑا مقابلہ ہو گا اور ہم چاہتے ہیں کہ سیریز کا اختتام اچھے انداز سے کریں۔ خراب روشنی کے سبب دوسرے ٹیسٹ متاثر ہونے پر تبادلہ خیال کیا گیا ہے، ایک ٹیسٹ میچ کے دوران یوم آزادی کا جشن منانا ہمیشہ سے شاندار لمحہ رہا ہے، ہم نے 1954ء میں انگلینڈ کی سر زمین پر اپنی پہلی فتح یوم آزادی کے اگلے روز حاصل کی تھی، اسی طرح لارڈز کے میدان پر 1982ء اور  2016ء میں اوول کے میدان پر فتوحات بھی یوم آزادی کے موقع پر حاصل کی گئی ہیں۔ 

ای پیپر-دی نیشن