سندھ کابینہ کا اجلاس آج‘ کوآپریٹو سوسائٹیز ایکٹ2020ء کا مسودہ پیش کیا جائے گا
کراچی(این این آئی)وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ کی زیرصدارت سندھ کابینہ کا اجلاس آج (جمعرات)صبح 11بجے وزیراعلی ہائوس میں ہو گا، جس میں سندھ کوآپریٹو سوسائیٹیز ایکٹ 2020کا مسودہ پیش کیاجائے گا۔تفصیلات کے مطابق سندھ کی بدلتی انتظامی صورتحال اور سنگین مسائل کے پیس نظر وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے سندھ کابینہ کا اجلاس جمعرات کی صبح 11 بجے طلب کیاہے،جس میں سندھ میں بلدیاتی نظام ،وفاقی وصوبائی حکومتوں کے درمیان تعلقات اور دیگر ایجنڈا امور پر غور کیاجائے گا۔ذرائع کے مطابق اجلاس میں گندم کی درآمدی قیمت اور معیارکے معاملے پر محکمہ خوراک کے حکام بریفنگ دیں گے۔جبکہ سندھ حکومت نے کوآپریٹوسوسائیٹیز سے متعلق نیا قانون بنانے کا فیصلہ کیا ہے اورسندھ کوآپریٹو سوسائیٹیز ایکٹ 2020کا مسودہ سندھ کابینہ اجلاس میں پیش کیاجائے گا اور کوآپریٹو سوسائیٹیز سے متعلق قوانین مزید سخت کئے جائیں گے اس کے ساتھ ساتھ ٹرسٹ کے قیام اور اسکی نگرانی سے متعلق بھی نیا مسودہ قانون تیار کر لیا گیا اورسندھ ٹرسٹ ایکٹ کا مسودہ بھی کابینہ اجلاس میں منظوری کے لیے پیش کیاجائے گا،سندھ ٹرسٹ ایکٹ کے تحت رجسٹریشن،ٹرسٹیز،فنڈنگ اور دائرہ کار کو قانون کا حصہ بنایاگیا ہے۔