• news

کراچی کو وفاق کے حوالے کرنیکی تجویز کیخلاف سندھ بھر میں پیپلز پارٹی کے مظاہرے‘ ریلیاں

اسلام آباد (نیوز رپورٹر) کراچی کو وفاق کے حوالے کرنے کی تجویز کے خلاف سندھ کے مختلف شہروں میں پیپلز پارٹی نے احتجاجی مظاہرے کیے اور ریلیاں نکالیں۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے کارکنوں نے خیر پور، دادو، جیکب آباد، میر پور خاص، اوباڑو، ٹنڈو محمد خان اور سجاول سمیت  سندھ کے چھوٹے بڑے شہروں میں احتجاج کیا۔ پیپلز پارٹی کے کارکنوں نے  کشمور ہائی وے پر بھی دھرنا دیا اور ٹریفک کو بلاک کردیا۔ اسلام آباد میں پریس کلب کے باہر بھی عاجز دھامرا کی سربراہی میں پیپلز پارٹی کی جانب سے احتجاج کیا گیا۔ احتجاج میں پیپلز پارٹی کی مقامی قیادت اور کارکنوں نے شرکت کی جبکہ خواتین کارکنوں کی بڑی تعداد بھی احتجاج میں شریک ہوئی۔ اس کے علاوہ کراچی، حیدرآباد، سکھر، لاڑکانہ اور نواب شاہ میں بھی احتجاجی مظاہرے کیے جارہے ہیں۔ مظاہرین کا کہنا ہے کہ کراچی کو وفاق کے حوالے کرنے کی سازش کامیاب نہیں ہونے دیں گے اور اٹھارویں ترمیم پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔ اسلام آباد میں "کراچی پر قبضہ نامنظور" کے نام سے پیپلزپارٹی کے احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے نفیسہ شاہ نے کہا کہ سندھ نے ملک کے لیے بڑی لیڈرشپ دی ہے، سندھ نے سب سے پہلے پاکستان کی قرارداد پاس کی تھی۔ نفیسہ شاہ نے کہا کہ سندھ پاکستان بنانے والا تھا اور بچانے والا ہے۔ ہم کسی صورت سندھ یا وفاق کے خلاف سازش برداشت نہیں کریں گے۔ عاجز دھامرا نے اپنے خطاب میں کہا کہ حکومت کراچی سے متعلق غیر آئینی بات کررہی ہے، ایم کیو ایم نے بھی سندھ کی تقسیم کی بات کی ہے، وفاقی حکومت یا کسی کو بھی سندھ کو تقسیم کرنے کا اختیار نہیں۔اس موقع پر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ بھٹو نے آئین دیا، اب پاکستان کو توڑنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں، ہم پاکستان کو توڑنے نہیں دیں گے۔

ای پیپر-دی نیشن