خواتین ججز کو عدالتوں میں مشکلات کا سامنا، ہیلتھ انشورنس، قسطوں پر گھریا پلاٹس سکیم کیلئے کام ہورہا ہے
لاہور (وقائع نگار خصوصی) "فراہمی انصاف میں خواتین ججز کا کردار" کے موضوع پر کانفرنس کا انعقاد کیا گیا جس میں چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ محمد قاسم خان نے خصوصی شرکت و خطاب کیا۔ اس موقع پر رجسٹرار لاہور ہائیکورٹ بہادر علی خان، سیشن جج کیس منیجمنٹ صفدر سلیم شاہد، ڈی جی ڈسٹرکٹ جوڈیشری مشتاق احمد اوجلہ، ڈی جی پنجاب جوڈیشل اکیڈمی حبیب اللہ عامر، سیشن جج لاہور محمد اعظم سرویا، سیشن جج بشریٰ زمان، سیشن جج عظمیٰ اختر چغتائی، سیشن جج جزیلہ اسلم سمیت دیگر خواتین ججز کی بڑی تعداد موجود تھی۔ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ محمد قاسم خان کا کہنا تھا کہ تحمل مزاج، بردباری خواتین ججز میں اللہ نے بخوبی رکھی ہیں۔ ایک مردانہ معاشرے میں آگے بڑھنے اور حق حاصل کرنے کے لئے خواتین کو بہت جدوجہد کرنی پڑتی ہے۔ مختلف مظالم کا شکار خواتین جب عدالت میں آتی ہیں تو سامنے خاتون جج کو دیکھ کر اطمینان محسوس کرتی ہیں۔ چیف جسٹس نے کہا کہ خاتون جج کو عدالتوں میں بہت زیادہ مشکلات کا سامنا ہے۔ بلاشبہ اب معاملات بہت تبدیل ہورہے ہیں۔ عدالتوں میں خواتین سٹاف کی بھرتی سے خواتین ججز کو سہولت ہورہی ہے۔ خواتین جج اس معاشرے کے پسے ہوئے طبقے کو انصاف فراہم کرکے دعائیں لے رہی ہیں۔ خواتین ججز کو دوہری اپنی عملی زندگی کے ساتھ ساتھ گھریلو زندگی کو بھی چلانا ایک مشکل کام ہوتا ہے۔ خواتین ججز نوجوان خواتین وکلاء کے لئے مثال بنیں۔ خواتین وکلاء کو جوڈیشل سروسز جوائن کرنے کی ترغیب دیں۔ یاد رکھیں میل ججز اور فی میل ججز کے درمیان تناسب کی شرح کو کم کرنا وقت کا تقاضا ہے۔ چیف جسٹس محمد قاسم خان نے کہا کہ خواتین ججز کے عدالتوں میں ڈے کیئر سینٹر کا قیام بہت ضروری ہے۔ ڈسٹرکٹ جوڈیشری کیلئے ہیلتھ انشورنس کا آغاز کیا جارہا ہے۔ بہترین ہسپتال ہمارے پینل پر ہوں گے جس سے صحت کی بہترین سہولیات میسر آئیں گی۔ ہم جوڈیشل افسران کے بچوں کے تعلیمی معاملات پر بھی کام کررہے ہیں۔ ججز کو قسطوں پر گھروں، اپارٹمنٹس یا پلاٹس کی فراہمی کیلئے بھی کسی سکیم پر کام کیا جارہا ہے۔ چیف جسٹس نے کہا کہ جج اپنے ضمیر کا قیدی ہوتا ہے، ہم عوام کے ٹیکسز سے تنخواہ لیتے ہیں۔ لوگوں کی مشکلات کا ازالہ ہمارا اولین فریضہ ہے۔ اگر ہم اپنی استطاعت سے تھوڑا زیادہ کام کریں گے تو اس ملک کی ترقی میں یہ ہمارا حصہ ہوگا۔ خواتین ججز کی جانب سے چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ محمد قاسم خان اور رجسٹرار لاہور ہائیکورٹ بہادر علی خان کو سوینیئرز اور تمام مہمانان کو گلدستے بھی پیش کئے گئے۔