غیر معینہ فوجی محاصرے سے کشمیر یوں کو معاشی، انسانیت سوز بحران کا سامنا ہے، شہریار آفریدی
اسلام آباد(نیوزرپورٹر)پارلیمانی کمیٹی برائے کشمیر کے شہریار خان آفریدی نے مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی بحران کے خلاف دنیا کو متنبہ کرتے ہوئے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری طور پر کشمیر میں محصور COVID-19 متاثرین کے لئے ایک انسانی ہمدردی کی راہداری بنانے کے لئے کام شروع کریں۔ان خیالات کا اظہار عالمی یوم انسانیت کے موقع پر پارلیمنٹ ہا ئوس میں منعقدہ سیمینارسے خطاب کرتے ہوئے کیاجس کا عنوان’ کشمیر کمیٹی کے زیراہتمام کرونا وائرس کے زیر سایہ کشمیر میں سسکتی انسانیت‘ تھا۔ شہریار آفریدی نے کہا کہ 5 اگست 2019 سے مقبوضہ کشمیر کے عوام دوہرے لاک ڈان کی زد میں ہیں اور کوویڈ ۔19 پھیلنے کے باوجود قابض حکومت کشمیریوں کو ادویات اور دیگر سہولیات نہیں دے رہی ۔ شہریار آفریدی نے کہا کہ عالمی برادری کو آگے آکر بھارتی غیر قانونی قبضہ کے خلاف مقبوضہ کشمیر میں انسانی ہمدردی کی راہداری تشکیل دینا چاہئے جس کے ذریعے مقبوضہ کشمیر میں لوگوں کو امداد فراہم کی جاسکے۔ آفریدی نے اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے مہاجرین (یو این ایچ سی آر)) اور انٹرنیشنل کمیٹی برائے ریڈ کراس(آئی سی آر سی) کو ساتھی تنظیموں کے ساتھ مل کر سری نگر میں قائم اقوام متحدہ کے ملٹری آبزرور گروپ سے بات چیت کرکے کشمیریوں کے لئے اس راہداری کی تعمیر میں مدد کرنے کی درخواست کی۔