مودی سرکار کی بھونڈی حرکت‘ پاکستان پر تنقید والا علی گیلانی کا جعلی خط جاری
اسلام آباد (نیوز رپورٹر) پاکستان کی جانب سے 74ویں یوم آزادی کے موقع پر بزرگ حریت رہنما سید علی گیلانی کو پاکستان کے اعلیٰ اعزاز ’نشان پاکستان‘ سے نوازا گیا جو بھارت کو ایک آنکھ نہ بھایا اور بھارت نے حریت قیادت کو بدنام کرنے کی بھونڈی کوششیں شروع کردیں۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ایک انٹریو میں آل پارٹیز حریت کانفرنس کے ترجمان شیخ عبدالمتین نے کہا کہ یہ خط جعلی ہے، علی گیلانی علالت کی وجہ سے بات نہیں کرسکتے، کشمیریوں کی تحریک آزادی کے جذبات کو کمزور کرنے کی کوشش میں ناکامی کے بعد بھارت اب بھونڈی حرکتوں پر اتر آیا ہے، بھارت نے کشمیریوں کی تحریک آزادی اور حریت قیادت کو بدنام کرنے کی کوشش کرتے ہوئے بزرگ حریت رہنما سید علی گیلانی کے نام سے جعلی خط جاری کیا۔ جعلی خط میں پاکستان کو تنقید کا نشانہ بنایا گیا ہے۔ یہ جعلی خط جاری کرنے کا مقصد حریت قیادت اور پاکستان کے درمیان پھوٹ ڈالنا سے تھا اور ساتھ ہی آزادی کی تحریک سے وابستہ جماعتوں کے درمیان انتشار اور بے یقینی پیدا کرنا تھا جس میں بھارت کو ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔ کچھ سازشی عناصر حریت قیادت کے مسلسل نظربند ہونے کا فائدہ اٹھانے کی کوشش کرتے ہوئے یہ حرکتیں کررہے ہیں تاہم کشمیری عوام ان گھناؤنی سازشوں میں سرگرم بھارتی خفیہ ایجنسیوں اور دیگر عناصر کو کبھی معاف نہیں کرے گی جو تحریک آزادی کے حامیوں کی آڑ میں ایسے جعلی خطوط جاری کرتے ہیں تاہم وہ کبھی بھی اس میں کامیاب نہیں ہوسکیں گے۔