• news

کرونا: مزید 8 اموات، پنجاب، کاروباری مراکز صبح 8 سے رات 10تک کھلیں گے

اسلام آباد‘ لاہور (خصوصی نمائندہ ‘ نیوز رپورٹر) پاکستان میں عالمی وبا کرونا وائرس سے اب تک 2 لاکھ 90 ہزار 958 کیسز میں سے 2 لاکھ 72 ہزار 804 صحتیاب ہوچکے ہیں جس کے بعد فعال کیسز صرف 11 ہزار 945 رہ گئے ہیں۔ 20 اگست تک کرونا وائرس کے مزید 96 کیسز اور 8 اموت کی تصدیق ہوئی جبکہ 676 افراد صحتیاب بھی ہوگئے۔  سندھ میں مزید 321 افراد میں کرونا وائرس کی تشخیص ہوئی۔ وزیراعلیٰ سندھ کے بیان کے مطابق متاثرین کی تعداد ایک لاکھ 27 ہزار 381 ہوگئی ہے۔مزید7 مریض انتقال کر گئے۔  اموات کی تعداد 2 ہزار 350 تک پہنچ گئی ہے، آج 20 اگست کو پنجاب میں مزید 58 افراد کا کرونا ٹیسٹ مثبت آگیا۔  مجموعی کیسز کی تعداد 95 ہزار 800 ہوگئی۔ کسی مریض کی ہلاکت رپورٹ نہیں ہوئی اور اب تک پنجاب میں اموات کی تعداد 2 ہزار 186 ہے۔ اسلام آباد میں کرونا وائرس کے مزید 13 کیسز رپورٹ ہوگئے۔ متاثر ہونے والوں کی تعداد 15 ہزار 425 ہوچکی ہے۔ تاہم خوش قسمتی سے وبا سے مزید کوئی ہلاکت رپورٹ نہیں ہوئی، البتہ اب تک 175 مریض انتقال کرچکے ہیں۔ گلگت بلتستان میں کرونا کیسز میں تیزی مزید 18 کیس اور ایک ہلاکت رپورٹ ہوئی۔  2 ہزار 583 افراد وبا کا شکار بن چکے ہیں۔ اموات 63 ہوگئیں۔ آزاد کشمیر میں مزید 7 افراد وبا کا شکار بنے۔  متاثرہ افراد کی تعداد 2 ہزار 219 تک جا پہنچی۔ مزید کوئی جانی نقصان رپورٹ نہیں ہوا، اموات کی تعداد 62 ہے۔ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں مزید 676 مرض شفایاب ہوئے۔اس طرح اب تک پاکستان میں کورونا وائرس سے متاثر ہونے والے 93.7 فیصد یعنی 2 لاکھ 72 ہزار 804 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں۔رحیم یار خان سے بیورو رپورٹ کے مطابق  کرونا وائرس کی شت میں کمی کے باعث پی آئی اے نے گزشتہ روز سے اندرون ملک تمام پروازوں میں سماجی فاصلہ ختم کرنے کا اعلان کر دیا۔ اب پی آئی اے کی تمام پروازوں میں سو فیصد نشستوں کی بکنگ کی جائے گی۔پنجاب میں کاروباری ادارے صبح8 بجے سے رات 10بجے تک کھلے رہیں گے -وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی ہدایت پر وزیراعلیٰ آفس میں صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا- اجلاس میں کاروباری او رتجارتی اداروں کے نئے اوقات کار مقرر کرنے کا فیصلہ کیاگیا جس کے مطابق صوبہ بھر میں کاروباری اور تجارتی مراکز صبح8 بجے کھلیں گے اور رات 10بجے بند کئے جائیں گے تاہم کلینک، فارمیسی،کریانہ، گروسری کی دکانوں وغیرہ پراطلاق نہیں ہوگا- اجلاس میں اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا کہ بازاروں، مارکیٹوں میں ماسک کی پابندی یقینی بنائی جائے- کرونا بتدریج کم ہورہا ہے، احتیاط کا دامن ہاتھ سے نہیں چھوڑنا چاہیے- رش والے مقامات پراگر جانا ضروری ہو تو ماسک ضرور پہنیں -اعلیٰ سطح کی کمیٹی کے اجلاس میں دیگر پابندیاں نرم کرنے کے لئے این سی اوسی کو سفارشات بھیجنے کا فیصلہ بھی کیا گیا- ملک میں کرونا وائرس سے صحتیاب ہونے والے مریضوں کی شرح93.8فیصد ہو گئی ہے۔ جبکہ ملک بھر میں کرونا وائرس سے انتقال کرنے والے مریضوں کی شرح 2.1فیصد ہے۔ ملک بھرکے ہسپتالوں میں130 مریض وینٹی لیٹرپر ہیں۔ ہسپتالوں میں کرونا وینٹی لیٹرزکی تعدادا یک ہزار920 ہے۔ملک میں کرونا ٹیسٹنگ صلاحیت یومیہ 60 ہزار سے زائد ہوگئی ہے۔دنیا بھر میں کرونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد دو کروڑ25 لاکھ 82 ہزار تک پہنچ گئی ہے، اس مہلک وائرس کے باعث اب تک سات لاکھ91ہزار سے زائد افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔دنیا بھر میں کرونا وائرس کے مصدقہ متاثرین کی تعداد22582783 جبکہ فعال متاثرین کی تعداد6486719 ہے۔ مختلف ممالک میں اب تک کرونا وائرس سے 791034 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔ امریکہ میں مہلک کرونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد57 لاکھ سے تجاوز کرگئی ہے جبکہ ایک لاکھ 76 ہزار 337افراد ہلاک ہوچکے ہیں،ادھر بھارت میں مہلک کرونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد28 لاکھ 37 ہزار سے تجاوز کرگئی ہے جبکہ ملک بھر میں وائرس سے اب تک 54 ہزار افراد لقمہ اجل بن گئے ہیں۔ ملک کی مختلف ریاستوں میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے ریکارڈ 70 ہزار سے زیادہ نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ اس دوران ملک بھر میں کرونا وائرس سے مزید980 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔بھارت میں کرونا وائرس سے سب زیادہ متاثرہ ریاست مہاراشٹر ہے۔

ای پیپر-دی نیشن