لاہور سمیت کئی شہروں میں طوفانی بارش، چھتیں گرنے، دیگر حادثات میں ماں، 4 بچوں سمیت 14 جاں بحق
لاہور/ حافظ آباد/ قصور/ کامونکے/ ننکانہ/ شیخوپورہ/فیروزوالہ(نمائندہ نوائے وقت+ نامہ نگاران+ نمائندہ خصوصی ) صوبائی دارالحکومت لاہور سمیت ملک کے مختلف حصوں میں طوفانی مون سون بارشوں کا سلسلہ جاری ہے۔ چھتیں گرنے‘ کرنٹ لگنے اور دیگر حادثات میں بچوں سمیت 14 افراد جاں بحق‘ متعدد زخمی ہو گئے۔ بدھ کی رات شروع ہونے والی بارش جمعرات کو بھی وقفے وقفے سے جاری رہی جس سے سڑکوں پر بڑی مقدار میں پانی کھڑا ہو گیا۔ لوگوں کو اپنے دفاتر اور کاموں پر جانے کے لیے شدید مشکلات کا سامنا پڑا۔ تاہم ضلعی حکومت کی جانب سے سرکاری مشنری کا استعمال کر کے سڑکوں پر پانی کے نکاس کا سلسلہ دن بھر جاری رہا۔ شدید بارش کی وجہ سے مال روڈ پر انارکلی اور جی پی او چوک کے درمیان پانی کھڑا ہونے سے نیا گھڑا پڑ گیا جس سے ٹریفک کے مسائل میں بھی اضافہ ہو گیا۔ محکمہ موسمیات نے آج جمعہ سے پیر تک صوبہ سندھ میں مزید مون سون بارشوں کی پیشگوئی کی ہے۔ جمعہ اور ہفتہ کے روز بھکر، لیہ، ڈیرہ غازی خان، ملتان، بہاولپور، بہاولنگر اور راجن پور میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ جمعہ کے روز اسلام آباد میں مطلع ابر آلود رہنے کے علاوہ گرج چمک کے ساتھ مزید بارش کا امکان ہے۔ پنجاب میں ملتان، لیہ، بھکر، بہاولپور، بہاولنگر، ڈی جی خان، راجن پور ، فیصل آباد اور ساہیوال‘ لاہور، سیالکوٹ،گجرات،گوجرانوالہ، جھنگ، نارووال اور خطہ پوٹھو ہار میں چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ کشمیر اور گلگت بلتستان میں مطلع جزوی ابر آلو د رہنے کے ساتھ گرج چمک کے ساتھ مزید بارش کی توقع ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق گذشتہ24 گھنٹوں کے دوران حافظ آباد، لاہور، خوشاب، جھنگ، قصور، فیصل آباد، منڈی بہاوالدین، چکوال اور گوجرانوالہ کے اضلاع میں اکثر مقامات پر جبکہ کشمیر، سرگودھا، ناروال، جہلم، گجرات، اسلام آباد/ راولپنڈی، سیالکوٹ، بھکر، میانوالی اور اوکاڑہ کے اضلاع میں بیشتر مقامات پر تیز ہوا اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔ اٹک، لیہ، ٹوبہ ٹیک سنگھ اور ساہیوال کے اضلاع میں کہیں کہیں تیز ہوا اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔ گذشتہ24 گھنٹوں کے دوران حافظ آباد 155.2، لاہور شہر 118.0، لاہور ائرپورٹ 97.2، جوہرآباد 96.8، جھنگ 92.8، قصور 81.0، فیٍصل آباد ائیرپورٹ 72.0، منڈی بہاوالدین 60.0، چکوال 57.2، گوجرانوالہ 53.6، سرگودھا پی اے ایف 49.0، نارووال 41.6، جہلم 41.2، گجرات 38.0، نورپورتھل 36.0، راولپنڈی ائرپورٹ 35.6، سیالکوٹ ائرپورٹ 25.0، ٹوبہ ٹیک سنگھ میں 0.8 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ چنیوٹ میں بھی چھت گرنے سے 3افراد زخمی ہو ئے۔جڑانوالہ کے تھانہ صدر کی حدود میں واقع گاؤں چک نمبر119 گ ب میں خستہ حال چھت گرنے سے ارشد نامی شخص جاں بحق ہوگیا۔ فیصل آباد میں کرنٹ لگنے کے مختلف واقعات میں 2 افراد زندگی کی بازی ہار گئے۔پھالیہ میں شدید بارش کے باعث مکان کی چھت گرنے سے ماں اور 4 بچے جاں بحق ہوگئے۔ جاں بحق ہونے والوں میں 33 سالہ رقیہ ، 8 سالہ سارم معاویہ، 5 سالہ عاتکہ عافیہ ، 3 سالہ محمد عمر اور 2 سالہ محمد حاشر شامل ہیں۔کلرکہار میں کوئلے کی کان پر کام کرنے والے افراد کان میں ہی بنے کمروں میں سور ہے تھے کہ بارش کے باعث ان پر مٹی کا تودا آن گرا جس کے نتیجے میں 3 افراد لقمہ اجل بن گئے۔ جاں بحق ہونے والوں میں اسحاق، شمشیر اور ارسلہ شامل ہیں۔5مزدور زخمی ہو گئے۔وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار نے چھتیں گرنے کے واقعات پر اظہار افسوس کرتے ہوئے زخمی افراد کو علاج معالجے کی بہترین سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے انتظامیہ سے حادثات کی رپورٹ بھی طلب کر لی۔صوبائی دارالحکومت لاہور میں تیز بارش سے جل تھل ہوگیا، سڑکیں ندی نالوں میں تبدیل ہوگئیں، نشیبی علاقوں میں پانی گھروں میں داخل ہوگیا۔ لاہور میں رات گئے بارش کا سلسلہ شروع ہوا جو جمعرات کی صبح تک جاری رہا ، وقفے وقفے جاری بارش سے ہر طرف پانی ہی پانی جمع ہوگیا۔ سڑکیں ڈوب گئیں، انڈر پاس بھر گئے، کئی گاڑیوں اور موٹر سائیکلیں خراب ہوگئیں۔ نشیبی علاقوں میں بھی پانی گھروں میں داخل ہونے سے لوگوں کا لاکھوں روپے کا سامان خراب ہو گیا ۔شہر میں سب سے زیاد ہ بارش لکشمی چوک میں 186 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔ گوجرانوالہ، سرگودھا، فیصل آباد، قصور، میانوالی بھکر میں بھی بارش ہوئی جس سے نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہوگیا۔بارشوں سے لاہور سمیت دوسرے اضلاع میں بھی بجلی کا ترسیلی نظام بری متاثرہوا اور کئی گھنٹوں تک بجلی بند رہی ۔ بارش کا سلسلہ تھمنے پر لیسکو کے آپریشنل سٹاف نے کام شروع کیا اوروقفے وقفے سے بجلی بحال کی جاتی رہی ۔شیخوپورہ میں مکان کی چھت گرنے سے 2 افراد جاں بحق اور 7 افراد زخمی ہو گئے، تفصیلات ے مطابق حالیہ موسلا دھار بارش کے باعث مریدکے روڈ کی آبادی ملیاں کلاں میں افتخار نامی شخص کے مکان کی چھت بارش کے باعث گر گئی جس کے ملبے تلے دب کر 1 بچہ اور 1خاتون جاں بحق جبکہ 7 افراد زخمی ہو گئے، ریسکیو 1122 شیخوپورہ کی امدادی ٹیم نے موقع پر پہنچ کرملبے تلے دبے افراد کوباہر نکال کر طبی امداد دینے کے بعد ہسپتال منتقل کر دیاجاں بحق ہونے والوں میں ہابیل ولد افتخار عمر 5 سال اور صدف بی بی زوجہ شہباز عمر 45 سال شامل ہیں جبکہ زخمیوں میں 8سالہ عدن ولد شہباز،10سالہ اینجل دختر شہباز ،9 سالہ صائم ولد شہباز ، 10سالہ دائم ولد شہباز،27سالہ حنا بی بی زوجہ افتخار، 19سالہ انیتا بی بی دختر وارث اور 20سالہ ڈپلس بی بی دختر وارث شامل ہیں جنہیں ہسپتال میں طبی امداد دی جارہی ہے۔حافظ آباد کے نواحی گائوں ساگر کلاں میں شدید بارش کے باعث مکان کی چھت گر گئی جس کے نتیجہ میں جوان سال بیٹا جاں بحق جبکہ باپ شدید ذخمی ہوگیا۔ محمد لیاقت اپنے بیٹے شاہزیب کے ہمراہ مکان کے ایک کمرہ میں سورہا تھا شاہ زیب جاں بحق جبکہ باپ لیاقت شدید ذخمی ہوگیا۔ جسے ملبہ تلے نکال کر ہسپتال منتقل کردیا گیا۔حافظ آباد شہر میں گذشتہ روز رات سے وقفے وقفے سے جاری رہنے والی بارش نے میونسپل کارپوریشن کی کارکردگی کا پول کھول دیا۔ ننکانہ میں بارش کے باعث دیوار گرنے سے ملبے تلے دب کر ایک کمسن بچے کی ٹانگ ٹوٹ گئی تفصیلات کے مطابق بچیکی موڑ کھنڈا روڈ پر واقع چک نمبر 3 میں گھر میں کھیلتے ہوئے اچانک پانچ سالہ ارسلان کے اوپر دیوار گر گئی اطلاع پاکر ریسکیو 1122 کا عملہ موقعہ پر پہنچا اور ارسلان کو طبی امداد دینے کے سرکاری ہسپتال منتقل کر دیا ۔ قصور میں بارش ہوتے ہی پورا شہر اور محلے پانی میں ڈوب گیا،شہری گھر وں میں مقید ہو کر رہ گئے جبکہ ضلعی اور ٹی ایم اے انتظامیہ کی مبینہ خاموشی سے شہری پریشان ہیں۔ بارشوں کے حالیہ سلسلہ سے قصور میونسپل ارپوریشن انتظامیہ کی پول کھول دی۔تحصیل کارپوریشن قصور کی جانب سے حالیہ ساون میں ہونے والی بارشوں کی تیاری کے لئے شہر کے نالوں اور نالیوں کی مناسب صفائی نہ کی گئی جس کی وجہ سے تھوڑی سی بارش کے ہوتے ہی شہر پانی اور کیچڑ میں تبدیل ہو جاتا ہے شہر پانی میں ڈوب گیا تفصیل کے مطابق شہر اور گردو نواح میں رات بارہ بجے سے صبح سات بجے تک موسلادار بارش ہونے کی وجہ سے شہر کی گلیاں اور انڈرپاسسز سمندر کا منظر پیش کرنے لگے بارش سے جی ٹی روڈ غربی سائیڈ اور انڈرپاسسز سے شہریوں کا گزرنا محال ہو گیا مقامی سیاستدانوں نے شہریوں کی سہولت کے لیے کڑوروں روپے کی لاگت سے جو سیوریج سسٹم لگایا تھا وہ مکمل طور پر نکارہ ثابت ہو گیا ہے شہریوں نے اعلیٰ احکام سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔شاہدرہ، فیروزوالہ، مریدکے اور اسکے مضافات میں مسلسل ہونے والی گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔ دو مکانوں کی چھتیں گرنے سے 5سالہ بچے اور خاتون سمیت2افراد جان بحق مردوخواتین اوربچوں سمیت9افراد شدید زخمی ہوگئے۔ ملیاں کلاں مریدکے روڈ پر واقعہ محنت کش افتخار کے گھر کی بوسیدہ چھت موسلادھار بارش کو برداشت نہ کرسکی تلے دب کر 5سالہ بچہ ہابیل افتخار،45سالہ خاتون صدف شہباز موقع پر ہی جان بحق ہوگئے جبکہ ریسکیواہلکاروں نے 7زخمیوں عدن شہباز 8سالہ، اینجل شہباز10سالہ، صائم شہباز12سالہ، حنا افتخار27سالہ، انیتا دختر وارث19سالہ، ڈپلس بی بی دختروارث20سالہ کو طبی امداد دیتے ہوئے ڈی ایچ کیو ہسپتال شیخوپورہ کے ایمرجنسی میں منتقل کردیا جبکہ مریدکے شیخوپورہ روڈ کی آبادی مبارک آباد میں بارش کے باعث مکان کی خستہ ہال چھت گرگئی ملبے تلے دب کر منیر احمد اور اسکی اہلیہ فضیلت بی بی شدید زخمی ہوگئے محکمہ موسمیات کے مطابق22اگست تک مزید بارشوں کے سپیلز سے موسم گرما کی چھٹی ہوجائے گی اور حدت کا زور ٹوٹ جائے گا۔