فواد چوہدری کی سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی سے ملاقات
اسلام آباد(نیوزپورٹر) وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری کی سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی سے ملاقات ، ملاقات میں دوطرفہ تعلقات اور باہمی تعاون کو فروغ دینے پر تبادلہ خیال ہوا۔فواد چودھری نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات صرف حکومتی سطح تک محدود نہیں ہیں بلکہ یہ تعلقات سعودی اور پاکستانی قوم کے مابین قائم ہیں۔پاک سعودی تعلقات ناقابل تسخیر ہیں اور عالمی منظر نامے کی تبدیلی پر منحصر نہیںہیں ۔ انہوں نے کہا سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلطان کا دورہ پاکستان اور وزیراعظم عمران خان کا دورہ سعودی عرب پاک سعودی تعلقات کی مضبوطی کا عکاس ہے۔ فواد چوہدری نے کہا حرمین شریفین کا تقدس ہر مسلمان کے ایمان کا حصہ ہے اور خادمین حرمین شریفین کا احترام ہر مسلمان پر لازم ہے۔ فواد چودھری نے وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی میں جاری منصوبوں کے بارے سعودی سفیر کو آگاہ کیا۔سعودی سفیر نے فواد چوہدری کی وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی میں اصلاحات لانے کی کاوشوں کو سراہا۔فواد چوہدری نے سعودی کمپنیز کا پاکستان کے زراعت کے شعبہ میں تعاون اور سرمایہ کاری پر زور دیا ۔اس موقع پر سعودی سفیر نے پاکستان کو ہر شعبے میں بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔