• news

بزدار حکومت پر لیگی پریس کانفرنس بچی کچھی عزت بچانے کی ناکام کوشش: فیاض چوہان

لاہور‘راولپنڈی(نیوز رپورٹر‘اپنے سٹاف رپورٹر سے) وزیرِ اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے ن لیگی قائدین کی جانب سے بزدار حکومت کی دو سالہ کارکردگی کے حوالے سے کی جانے والی پریس کانفرنس کو رہی سہی عزت بچانے کی ناکام کوشش قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایک عرصے بعد اقتدار سے دوری کا دکھ ن لیگی رہنماؤں کے الفاظ سے صاف ظاہر ہوتا ہے۔ فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ ملک کی سب سے بڑی سیاسی جماعت کے مفرور قائد کے حواریوں کی جانب سے بزدار حکومت کی کارکردگی پر مصدقہ اعداد و شمار کے بغیر بے سر و پا تبصرہ پانی میں پکوڑے تلنے کے مترادف ہے۔ عدالتیں اور تحقیقاتی ادارے "نواز شریف کو ڈھونڈ رہے ہیں جبکہ بچی کھچی ن لیگی اپنے آقاؤں کی مفروری سے توجہ ہٹانے کے لیے لمبی لمبی ہانک رہے ہیں۔وزیرِ اطلاعات پنجاب نے کہا کہ سب جانتے ہیں شاہد خاقان عباسی نے شریف خاندان کو خوش کرنے کے لیے چینی پر 20 ارب روپے کی سبسڈی دی۔ اس کے برعکس پی ٹی آئی حکومت نے ملکی تاریخ میں پہلی بار شوگر تحقیقاتی کمیشن کی رپورٹ کو عوام کے سامنے رکھا اور گنے کی ادائیگیوں میں دانستہ تاخیر پر 50 لاکھ روزانہ کے حساب سے جرمانوں پر بھی ہم نے قانون سازی کی ہے۔ فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ جنوبی پنجاب کے حقوق کی باتیں لغاری خاندان کے سپوت کے منہ سے اچھی نہیں لگتیں۔ اویس لغاری کے والد نے دورانِ صدارت جنوبی پنجاب کے لیے ایک بھی قابلِ تحسین کام نہیں کیا۔ ابھی تک ن لیگ بہاولپور اور لاہور کے نام پر جنوبی پنجاب صوبے میں کنفیوڑن پیدا کر رہی ہے جبکہ پی ٹی آئی حکومت نے بہاولپور کے الحاق کا فیصلہ نئی بننے والی اسمبلی کی صوابدید پر چھوڑ دیا ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ دواؤں کے ریٹس میں حالیہ اضافہ ڈرگ پرائسنگ پالیسی 2018 کے تحت کیا گیا ہے۔ یہ پالیسی ن لیگی حکومت نے سپریم کورٹ کی ہدایات پر تمام سٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے بنائی تھی۔ موجودہ حکومت اس فارمولے کو تبدیل کرنے پر کام کر رہی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن