• news

نیب آفس پر حملے کا الزام‘ کیپٹن (ر) صفدر کی 4ستمبر تک عبوری ضمانت

لاہور( اپنے نامہ نگار سے)سیشن عدالت نے نیب لاہور آفس پر حملہ اور ہنگامہ آرائی کے الزام میں مریم نواز کے شوہر کیپٹن ریٹائرڈ محمد صفدر کی 50 ہزار روپے کے ضمانتی مچلکوں کے عوض4 ستمبر تک عبوری ضمانت منظور کرلی۔ عدالت نے کیپٹن ریٹائرڈ محمد صفدر کو مقدمہ میں شامل تفتیش ہونے کا حکم دیتے ہوئے چوہنگ پولیس کو 4 ستمبر تک گرفتاری سے روک دیا۔عدالت نے تھانہ چوہنگ پولیس کو آئندہ سماعت پر تفتیشی رپورٹ پیش کرنے کا بھی حکم دے دیا۔کیپٹن ریٹائرڈ صفدر نے موقف اختیار کیا کہ چوہنگ پولیس نے نیب آفس پر حملے اور ہنگامہ آرائی کے الزام میں بے بنیاد مقدمہ درج کیا،  گرفتاری کا خدشہ ہے۔ لہٰذا عدالت سے استدعا ہے کہ عبوری ضمانت منظور کی جائے۔عدالت میں پیشی کے موقع پر کیپٹن (ر) محمد صفدر نے کہا ہے کہ مریم نواز کو جان سے مارنے کے لیے لیزر گن استعمال کی گئی،ماضی میں بینظیر بھٹو اور لیاقت علی خان کا قتل کیا گیا اور نیب میں پیشی کے دوران مریم نواز کو بھی جان سے مارنے کی کوشش کی گئی۔وزیراعظم عمران خان، ڈی جی نیب اور دیگر اس میں ملوث ہیں جبکہ شہزاد اکبر وعدہ معاف گواہ بنیں گے، مجھے یہ بھی ڈر ہے وہ ملک سے بھاگ نہ جائیں۔جب ہم نیب میں پیش ہوئے تو ایسا لگ رہا تھا جیسے ہم سری نگر میں موجود ہیں،۔ا نہوں نے نواز شریف کے حوالے سے سوال کے جواب میں کہا کہ جب تک ان کا لندن میں رزق ہے وہ وہاں رہیں گے۔

ای پیپر-دی نیشن