حکومت نواز شریف کو واپس لانے کیلئے عدالت جائیگی: شیخ رشید
راولپنڈی(نوائے وقت رپورٹ) وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے دعویٰ کیا ہے کہ آٹا اور چینی سستا ہونے جا رہے ہیں، تمام ذخیرہ اندوزوں کو تباہ کر دیں گے۔راولپنڈی میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر شیخ رشید کا کہنا تھا کہ یونیورسٹی بنانا بہت مشکل ہے، اس کے لیے لاہور کے کئی چکر لگائے، راولپنڈی پنجاب کا پہلا شہر ہوگا جہاں 5 یونیورسٹیاں ہوں گی۔ان کا کہنا تھا کہ راولپنڈی کسی وقت تعلیم میں پنجاب میں 27 ویں نمبر پر تھا اور اب پہلے نمبر پر ہے۔ملک میں آٹا چینی بحران کے حوالے سے بات کرتے ہوئے شیخ رشید کا کہنا تھا آٹا اور چینی سستے ہونے جا رہے ہیں، تمام ذخیرہ اندازوں کو تباہ کر دیں گے۔شیخ رشید کا کہنا تھا کہ آج اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں چینی امپورٹ کرنے کا فیصلہ ہو گا۔انہوں نے کہا کہ جو ٹی وی پر بول رہا ہے سب کے نیب میں کیسز ہیں، لیکن عمران خان کسی مشکل میں پھنس بھی گیا تو بھی این آر او نہیں دے گا۔وفاقی وزیر نے کہا کہ مریم نواز شہباز شریف کو پھنسانے جا رہی ہیں، جو پتھر مریم لائی تھیں وہ سب شہباز شریف کی سیاست کو پڑے ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت نواز شریف کو اشتہاری قرار دینے اور وطن واپس لانے کے لیے عدالت جائے گی۔وزیراعلیٰ پنجاب کے حوالے سے بات کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ عثمان بزدار رہیں گے اور ان کے ساتھ کچھ نہیں ہو گا۔چین کے ساتھ ایم ایل ون منصوبے پر بات کرتے ہوئے چین کے ساتھ ایم او یو سائن کرنے جا رہے ہیں، چین 40 سال کی لیز مانگ رہا ہے، لیکن ہم 20 سال کی لیز دینا چاہتے ہیں۔چیئرمین پیپلز پارٹی کے حوالے سے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ بلاول بچہ ہے، ابھی کچا ہے۔