کشمیری بنیادی مذہبی حقوق سے محروم ، بھارت کو کٹہرے میں لایا جائے : پاکستان
اسلام آباد (این این آئی)وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہاہے کہ کشمیریوں کو ان کے بنیادی مذہبی حقوق سے محروم رکھا جارہا ہے،بھارت کو احتساب کے کٹہرے میں لانا چاہئے،پاکستان تشدد کا نشانہ بننے والوں کی حمایت میں عالمی برادری کے شانہ بشانہ کھڑا ہے،پاکستان مذہب کی بنیاد پر تشدد ،تعصب ،عدم برداشت اور تفریق سے انسانوں کے بچائو کیلئے عالمی کوششوں کا ساتھ دیتا رہے گا۔ ہفتہ کو مذہب کی بنیاد پر تشدد کا نشانہ بننے والوں کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں شاہ محمود قریشی نے کہاکہ پاکستان تشدد کا نشانہ بننے والوں کی حمایت میں عالمی برادری کے شانہ بشانہ کھڑا ہے۔ انہوںنے کہاکہ تفرق ،نفرت اور مذہب کی بنیاد پر تشدد کے خاتمے کا یہ اہم موقع ہے،پاکستان امن ، برداشت ،بین الثقافتی اور بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کے لیے صف اول پر ہے۔ وزیر خارجہ نے کہاکہ ہم نے اصولوں کے پیش نظر کئی اقدامات کیے ہیں، جن میں اقلیتوں کے قومی کمیشن کا قیام ،اقلیتوں کی عبادت گاہوں کی بحالی اور دنیا کا سب سے بڑا گردوارہ کرتارپور شامل ہیں۔وزیر خارجہ نے کہاکہ وزیر اعظم عمران خان نے اسلام و فوبیا کے خلاف آواز اٹھائی ہے،ہمارے خطے میں بیجی پی اور آرایس ایس جوکہ ہندوتوا سے متاثر ہے مسلم ورثہ ختم کرنے کے درپے ہے۔ انہوںنے کہاکہ کرونا وائرس کے دنوں میں بھارتی مسلمانوں کو نفرت کا سامنا کرنا پڑا،اس موقع پر مقبوضہ کشمیر میں بھارتی غیرقانونی اقدامات کے خاتمے کے لیے زور دینا چاہیے۔ انہوںنے کہاکہ کشمیریوں کو ان کے بنیادی مذہبی حقوق سے محروم رکھا جارہا ہے،بھارت کو اس سلسلے میں احتساب کے کٹہرے میں لانا چاہیے۔ انہوںنے کہاکہ پاکستان مذہب کی بنیاد پر تشدد ،تعصب ،عدم برداشت اور تفریق سے انسانوں کے بچا? کے لیے عالمی کوششوں کا ساتھ دیتا رہے گا۔