• news

امن عمل کی حمایت ، افغان حکومت ، طالبان مذکرات جلد شروع کریں : چین

بیجنگ(اے پی پی) چین نے کہا ہے کہ وہ افغانستان کی حکومت اور طالبان کے درمیان بین الافغان مذاکرات کے جلد آغاز کا خواہاں ہے۔امریکی نشریاتی ادارے کے مطابق چین کے وزیرِ خارجہ وانگ یی نے یہ بات اپنے افغان ہم منصب حنیف اتمر سے ٹیلی فون پر ایک گفتگو کے دوران کہی ۔ افغانستان کی وزارت خارجہ کے بیان کے مطابق افغانستان اور چین کے اعلیٰ سفارت کاروں نے اقتصادی تعاون، علاقائی روابط کے موضوعات اور افغان حکومت اور طالبان کے درمیان امن عمل کی تازہ صورتِ حال پر تبادلہ کیا ہے۔دونوں وزرائے خارجہ نے افغانستان میں امن مذاکرات سے متعلق علاقائی تعاون، حکومت اور طالبان کے درمیان قیدیوں کے تبادلے، طالبان کی طرف سے تشدد کم کرنے اور انسانی بنیادوں پر جنگ بندی کی ضرورت پر بھی غور کیا۔ وانگ یی نے اس بات کا اعادہ کیا کہ چین افغان حکومت کی سربراہی میں امن عمل کی حمایت اور افغان مشاورتی لویہ جرگے کے فیصلے کا احترام کرتا ہے۔وانگ یی نے مزید کہا کہ چین افغان حکومت اور طالبان کے درمیان فوری مذاکرات کے آغاز کا خواہاں ہے۔

ای پیپر-دی نیشن