اپٹما کے سالانہ انتخابات‘ گوہر اعجاز گروپ نے کلین سویپ کر دیا
لاہور(کامرس رپورٹر )آل پاکستان ٹیکسٹائل ملز ایسوسی ایشن ( اپٹما) کے سالانہ انتخابات میںگوہر اعجاز گروپ نے کلین سویپ کرتے ہوئے پنجاب ناردرن زون اور ایگزیکٹو کمیٹی کی تمام نشستوں پر بلا مقابلہ کامیابی حاصل کر لی اس موقع پر اعلان کیا گیا کہ گوہر اعجاز گروپ کی جانب سے عادل بشیر آل پاکستان ٹیکسٹائل ملز ایسوسی ایشن کے انتخابات میں مرکزی چیئرمین کے امیدوار ہوں گے۔الیکشن کمیشن کے نتائج کے مطابق پنجاب زون میں چیئرمین کے عہدے پر عبد الرحیم ناصر ،سینئر وائس چیئرمین کے عہدے پر عامر شیخ ،وائس چیئرمین کے عہدے پر کامران ارشد ، خزانچی کے عہدے پر خواجہ محمد انیس جبکہ مینیجنگ کمیٹی ممبرز میں اسد شفیع،محفوظ الٰہی ،محمد عبد اللہ ، زعیم احمد، ہارون شہزادہ الٰہی شیخ اور عمر لطیف چوہدری بلا مقابلہ کامیاب قرار پائے۔ اسی طرح ایگزیکٹو کمیٹی ممبرزکے لئے نارتھ زون سے عطا شفیع تنویر شیخ ، گوہر اعجاز، عادل بشیر،نوید گلزار،عامر فیاض شیخ ، عمران اسلم اور ہمایوں قیصر جبکہ سائوتھ زون سے کامران انعام ،محمد جمیل قاسم، محمد فیضان اللہ ،رفیق ابراہیم اور شعیب دیوان بلا مقابلہ کامیاب قرار پائے۔ گروپ لیڈر گوہر اعجاز نے کہا کہ ان کے گروپ مسلسل گیارویں دفعہ کامیابی حاصل کی ہے جس پر میں اپنے ممبرز کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ا نہوں نے کہا کہ اپٹما نے مالی سال2020-21ء کو پاکستان کی برآمدات میںا ضافے کا سال قرار دیا ہے۔ انہوںنے حکومت پر زور دیا کہ پانچ سال کے لئے تشکیل دی جانے والی ٹیکسٹائل پالیسی کا جلد از جلد اعلان کرے۔ 100نئی صنعتیں لگنے کے عمل میںہیں پر تین ارب ڈالر کی نئی سرمایہ کاری کی جائے گی۔ تیس لاکھ نئی نوکریاں پیدا ہوں گی اور برآمدات میں چھ ارب ڈالر تک اضافہ ہوگا۔ حکومت ان کو بحال کرنے کیلئے بھی جلد پالیسی کا اعلان کرے تو میں یقین دلاتا ہوں کہ نوے روز میں غیرفعال صنعتی یونٹس فعال ہو جائیں گے جس سے ٹیکسٹائل برآمدات میں ایک ارب ڈالر کا اضافہ ہوگا۔ انہوںنے کہا کہ وہ اپٹما کی نو منتخب باڈی کے ہمراہ جلد وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کریںگے اور صنعتی شعبے کو فعال کرنے کیلئے اپنی تجاویز پیش کریں گے۔ گیس انفراسٹر اکچر ڈویلپمنٹ سرچارج (جی آئی ڈی سی )کے حوالے سے فیصلہ آ گیا ہے تاہم اس میں دو ابہام ہیں اگر سوئی ناردرن اور سوئی سدرن نے ٹیکسٹائل ملوں کو جی آئی ڈی سی بلوں میں شامل کئے تو ہم سپریم کورٹ میں اس حوالے سے ریو یو پٹیشن میں میں جائیں گے۔ زون کے نو منتخب چیئرمین عبد الرحیم ناصر اور اپٹما سنٹرل چیئرمین کے لئے نامزد امیدوار عادل بشیر نے کہا کہ ملک میں ٹیکسٹائل سیکٹر کی ترقی کے لئے بھرپور کردار ادا کریں گے ۔