شہباز شریف ایک دو روز میں فضل الرحمن سے ملاقات کرینگے
اسلام آباد (محمد نواز رضا، وقائع نگار خصوصی) باخبر ذرائع سے معلوم ہوا ہے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر و قومی اسمبلی میں قائد میاں شہباز شریف آئندہ ایک دو روز میں جمعیت علما اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمنٰ سے ملاقات کریں گے جس میں پاکستان مسلم لیگ (ن) اور جمعیت علما اسلام کے درمیان ایف اے ٹی ایف سے متعلق قانون کی منظوری میں حکومت سے تعاون کرنے سے پیدا ہونے والی غلط فہمیوں کو دور کریں گے ذرائع کے مطابق میاں نواز شریف کی ہدایت پر میاں شہباز شریف مولانا فضل الرحمنٰ سے ملاقات کر رہے ہیں یہ ملاقات اسلام آباد میں متوقع ہے ۔ میاں شہباز شریف اور مولانا فضل الرحمن ملاقات میں دونوں جماعتوں میں پائی جانے والی غلط فہمیاں دور ہو جائیں گی، سرد مہری گرمجوشی میں تبدیل ہونے کا امکان ہے ۔ شہباز شریف اور فضل الرحمنٰ ملاقات کے بعد اپوزیشن جماعتوں کے نمائندوں پر مشتمل ’’رہبر کمیٹی‘‘ بھی متحرک ہونے کا قوی امکان ہے جو آل پارٹیز کانفرنس کا ایجنڈا تیار کرے گی۔ آل پارٹیز کانفرنس ستمبر 2020 ء کے اوائل میں منعقد ہو گی۔