شراب برآمدگی کیس‘ عدالتوں سے انصاف ملتا ہے‘ میرے لئے مشکل وقت ختم ہوا: عتیقہ اوڈھو
لاہور (نیوز ڈیسک) معروف اداکارہ عتیقہ اوڈھو نے 9 سال بعد شراب برآمدگی سے متعلق کیس میں باعزت بری ہونے پر کہا ہے کہ ان کے لیے مشکل اور اذیت سے بھرا ہوا وقت ختم ہوگیا۔ یہ کیس صرف مجھ سے متعلق نہیں تھا بلکہ مجموعی طور پر عدالتی نظام کے ذریعے انصاف حاصل کرنے کی کوشش کرنے والے ہر پاکستانی کا کیس تھا کہ وہ عدالتوں سے کیا امیدیں رکھتے ہیں۔ میں ہمیشہ عدالتوں کی عزت کرتی رہی ہوں اور قانون کی پیروی اور انہی عدالتوں نے مجھے انصاف دیا۔ جن حالات کا سامنا میں نے کیا وہ سب کے سامنے ہے اس حوالے سے کچھ ڈھکا چھپا نہیں۔ یہ مقدمہ تاریخی ہے مجھے اتنا عرصہ اذیت سے گزرنا پڑا یہ زیادتی تو تھی عدالتوں سے انصاف نہیں ملتا تو وہ یقین رکھیں کہ انصاف ملتا ہے۔