حضرت بابا فرید الدین کے عرس کا ساتواں روز، وزیر اوقاف کا دورہ‘ انتظامات کا جائزہ
لاہور، پاکپتن (خصوصی نامہ نگار، نمائندہ نوائے وقت) برصغیر پاک و ہند کے عظیم صوفی بزرگ حضرت بابا فرید الدین مسعود گنج شکرؒ کے 778 ویں عرس کے ساتویں روز سجادہ نشین نے روایتی رسومات ادا کرتے ہوئے تبرکات تقسیم کئے، کرونا وائرس کے پھیلائو کے خدشات کے باوجود ملک کے طول و عرض سے زائرین کی آمد اور حاضری کا سلسلہ جاری ہے۔ پندرہ روز عرس کی سب سے بڑی رسم بہشتی دروازہ کی قفل کشائی پرسوں 5 محرم کو ادا کی جائیگی۔ دریں اثناء صوبائی وزیر اوقاف ومذہبی امور سید سعیدالحسن شاہ نے حضرت فرید مسعودالدین گنج شکر رحمتہ اللہ علیہ کے دربار کا دورہ کیا اور تقریبات میں لنگر، سکیورٹی، پارکنگ اور زائرین کیلئے شیلٹر انتظامات کا جائزہ لیا۔ سید سعید الحسن شاہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا عرس پرآنے والے زائرین کو بہتر سہولیات دی جائیں۔ دوران عرس بجلی کی مسلسل فراہمی کو بھی یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا عرس کے تمام دنوں میں محکمہ اوقاف کے اہلکاروں کی کوتاہی یا شکایت کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انتظامیہ دربار کے قرب و جوار میں24گھنٹے نگرانی کرے اور کسی بھی مشکوک شخص کو موقع پر فوری حراست میں لیا جائے۔ قبل ازیں صوبائی وزیر نے مزار پر حاضری دی اور پھولوں کی چادر چڑھا کر ملک وقوم اور افواج پاکستان کیلئے دعا بھی کی۔