• news

کرونا پر قابو پانے کیلئے مشترکہ حکمت عملی اپنانا ہوگی: گبریلا بیرن

اسلام آباد (نیوز رپورٹر) چیئرمین سینٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا ہے کہ بین الپارلیمانی یونین ایک اہم پلیٹ فارم ہے۔ اس فورم کی بدولت جمہوری اقدار کو فروغ دینے، پارلیمانی روایات کی سربلندی اور ادارہ جاتی معاونت میں خاطر خواہ کامیابیاں حاصل ہوئی ہیں۔ پاکستان کے ادارہ برائے پارلیمانی خدمات میں بین الپارلیمانی یونین کے130 سال مکمل ہونے پر جاری ہونے والی رپورٹ کے سلسلے میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا ہے کہ پاکستان کی پارلیمنٹ آئی پی یو کو انتہائی اہم قرار دیتی ہے۔ چیئرمین سینٹ نے بین الپارلیمانی یونین کی صدر کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ ان کا یہ دورہ تاریخ کے انتہائی اہم موڑ پر ہو رہا ہے جب عالمی سطح پر اقوام کو کرونا وبا کے باعث مشکلات کا سامنا ہے۔ عدم مساوات پر قابو پانے کیلئے مشترکہ کوششیں کرنا ہونگی۔ چیئرمین سینٹ نے کہا کہ ترقی اور امن کا گہرا رشتہ ہے ۔ مقبوضہ کشمیر پر بھارت کا غیر قانونی قبضہ اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں ہمیں مستقل طور پر یاد لاتی ہیں کہ ہمیں امن، سلامتی اور انسانیت کی فلاح کیلئے کوششوں کو مزید تیز کرنا ہوگا۔ اس موقع پر چیئرمین سینٹ نے آئی پی یو کی صدر کو آئی پی یو کے 130 سال مکمل ہونے پر مبارکبا د پیش کی اور آئی پی یو کی 130 سال کارکردگی کی رپورٹ کتابی شکل میں گبریلا کویس بیرن کو پیش کی۔ صدر آئی پی یو گبریلا کویس بیرن نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پارلیمان عوام کی خواہشات کی مظہر ہے۔ پارلیمان بین الاقوامی معاہدوں کو قومی حقائق کی روشنی میں عملدرآمد یقینی بنانے کیلئے اقدامات اٹھاتی ہے اور پارلیمان کا کام انسانی حقوق اور جمہوریت کو تحفظ دینا ہے۔ دنیا اس وقت مشکل دور سے گز ر رہی ہے ۔ کرونا وبا نے دنیا بھر کیلئے صحت ، معیشت و دیگر مسائل پیدا کیے ہیں ۔ ہمیں اس حقیقت کا ادراک کرنا ہوگا کہ مسائل کسی پاسپورٹ پر سفر نہیں کرتے اور نہ ہی کرونا وبا نے ایک ملک سے دوسرے ملک میں داخل ہونے کیلئے کسی سے اجازت طلب کی ہے۔ وبا پر قابو پانے کیلئے حکومتوں اور پارلیمانوں کو مشترکہ حکمت عملی بنانا ہوگی۔ انہوں نے کہاکہ کثیر الجہتی تعاون مسائل کے حل کا واحد راستہ اور پائیدار ترقی کیلئے انتہائی لازمی ہے۔ موسمیاتی تبدیلیوں ، صنفی عدم مساوات ،انسانی حقوق اور دیگر مسائل آج بھی توجہ طلب ہیں ۔صدر آئی پی یو نے کہا کہ دنیا بھر کو یکساں مسائل درپیش ہیں ان پر قابو پانے کیلئے مل کر حکمت عملی اختیار کرنا ہوگی ۔ایگزیکٹو ڈائریکٹر پپس محمد انوار نے وفد کو پپس کے اغراض و مقاصد اور جاری منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ یہ ادارہ 2011 میں ایکٹ آف پارلیمنٹ کے تحت قائم ہوا تھا۔ قبل ازیں چیئرمین سینٹ محمد صادق سنجرانی نے آئی پی یو کی صدر کا پپس پہنچنے پر استقبال کیا۔ اس موقع پر سینیٹر شیری رحمان ، سینیٹر مرزا محمد آفریدی، رکن قومی اسمبلی شیر علی ارباب اور سینٹ سیکرٹریٹ کے سینئر افسران بھی موجود تھے ۔

ای پیپر-دی نیشن