سٹیٹ بنک : کرونا سکیم، پونے 13کھرب روپے مالیت کے قرضوں کی ادائیگی ایک سال کیلئے موخر
اسلام آباد (اے پی پی)کرونا وائرس کی وباء سے نمٹنے کی کوششوں کے ضمن میں سٹیٹ بنک کے قرضہ موخرو ری شیڈول کرنے کی سکیم کے تحت اب تک 12 کھرب، 68 ارب ،60کروڑ، 80 لاکھ روپے مالیت کے قرضوں کو ایک سال کیلئے موخرکردیا گیاہے۔ سٹیٹ بنک کی جانب سے اس حوالہ سے جاری کردہ اعداد وشمارکے مطابق اصل زر کی ادائیگی ایک سال کیلئے موخرکرنے کی سکیم کے تحت 13 اگست تک سٹیٹ بنک کو 13لاکھ ، 29 ہزار 871 درخواستیں موصول ہوئی جن کے زمہ واجب الاداقرضہ کا حجم 24 کھرب ، 10 ارب ،59 کروڑ روپے تھی ، ان میں سے12لاکھ 18ہزار، 608درخواستوں کی منظوری دی گئی ہے اور12 کھرب، 68 ارب ،60کروڑ، 80 لاکھ روپے مالیت کے قرضوں کو ایک سال کیلئے موخرکردیا گیاہے ۔ اسی طرح اس سکیم کے تحت ایک کھرب ،71ارب 15 کروڑِ 9 لاکھ روپے روپے سے زائد کے قرضوں کی ری سٹرکچرنگ/ ری شیڈولنگ کی منظوری دی گئی ہے۔اس سکیم کے تحت صارف قرض کا اصل زر ایک سال موخر کرنے کی مشروط اجازت دے دی گئی ہے۔ یہ سہولت ان صارفین کیلئے ہیں جن کی ادائیگی 31 دسمبر تک باقاعدہ ہوں ہو،قرض ادائیگی موخر کرنے پر بینک کوئی فیس یا سود چارج نہیں کریں گے۔ بینکس اس دوران صرف سود یا منافع کی وصولی کر سکیں گے،جو صارفین سود یا منافع کی رقم ادا نہ کرسکیں وہ ری سٹرکچر کی درخواست کرسکتے ہیں۔ قرضوں کو موخر یا ری شیڈول کرنے سے کریڈٹ ہسٹری متاثر نہیں ہوگی۔