دو جماعتوں نے چنگیز ہلاکو سے زیادہ ظلم کیا ، 35سال لوٹ مار کرنیوالے واجب القتل : غلام سرور
اسلام آباد(نوائے وقت رپورٹ)وفاقی وزیربرائے ہوا بازی غلام سرور خان کا کہنا ہے کہ اتنا ظلم ہلاکو اور چنگیز خان نے نہیں کیا جتنا دو جماعتوں نے کیا ہے،35 سال تک ملک کو لوٹنے والے واجب القتل ہیں۔ٹیکسلا میں قائم لیبر کمپلیکس کے 504 فلیٹس کے ترقیاتی کام کا جائزہ لینے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے غلام سرور خان نے کہا کہ 35 سال سے ملک کو لوٹنے والوں کا احتساب ہونا چاہیے، ملک میں مافیا کام کررہی ہے جس کی وجہ سے مہنگائی ہوئی ہے۔ غلام سرور خان کا کہنا تھا کہ حکومت نے دو سال انتہائی مشکل سے گزارے ہیں، سابقہ حکومت جاتے ہوئے ملک کو دیوالیہ کرگئی،ان بددیانتوں اور بدکرداروں نے جمہوریت کے نام پر ملک کو لوٹا ہے، قوم کے لیے آج بھی چور ڈاکو ہیرو اور ہمدردیاں ان کے ساتھ ہیں۔وفاقی وزیربرائے ہوا بازی کا کہنا تھا کہ سب کا احتساب ہونا چاہیے، مہنگائی اور چینی وگندم کے بحران میں کاروباری مافیا کا اہم کردار ہے، سندھ میں چینی کی سمگلنگ اور ذخیرہ اندازوی کی جاتی ہے۔