کراچی بارش ‘ نشیبی علاقے زیر آب‘ بجلی‘ گیس‘ پانی بند‘ نیا الرٹ جاری
کراچی (نوائے وقت رپورٹ) شہر قائد کے مختلف علاقوں میں ایک بار پھر تیز ہوائوں کے ساتھ بارش شروع ہوگئی اور سڑکوں پر پانی جمع ہونے سے ٹریفک جام ہو گیا۔ مختلف علاقوں میں گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔ گلشن حدید، سپرہائی وے، ملیر، لانڈھی، میمن گوٹھ، گلستان جوہر، سہراب گوٹھ ، احسن آباد، کورنگی، گلشن معمار، ایئرپورٹ، سرجانی ٹائون اور دیگرعلاقوں میں بارش سے سڑکیں زیرآب آگئیں۔ بارش کے قطرے پڑتے ہی شہرکے مختلف علاقوں میں بجلی بھی معطل ہوگئی جبکہ سرجانی ٹائون میں بارش کا پانی گھروں میں جمع ہے، بجلی اورگیس بند ہے اور مکین دوہری اذیت کا شکار ہیں۔ خلیج بنگال میں ہوا کا ایک اور کم دباؤ بھی بن رہا ہے۔ جس کے باعث بدھ تک شہر میں شدت کے ساتھ بارشیں ہونے کا امکان ہے۔ جاری کردہ الرٹ میں بتایا گیا ہے کہ کراچی میں 100 ملی میٹر بارشیں ہونے کی توقع ہے۔ حیدرآباد، ٹھٹھہ، بدین، تھرپارکر، میرپورخاص، عمرکوٹ اور دیگر علاقوں میں بھی گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش کا امکان ہے۔ تیز بارشوں کی وجہ سے اربن فلڈنگ کا بھی خطرہ ہے۔ بارش کا یہ سلسلہ وقفے وقفے سے 28 اگست تک جاری رہ سکتا ہے۔