• news

شہباز شریف‘ فضل الرحمن ملاقات آج‘  اپوزیشن لیڈر چند روز میں بلاول سے ملیں گے 

اسلام آباد (محمد نواز رضا ۔ وقائع نگار  خصوصی)  باخبر ذرائع سے معلوم ہوا ہے  شہباز شریف آج جمعیت علماء اسلام  کے سربراہ  مولانا فضل الرحمن سے ان کی رہائش گا ہ  پر اہم ملاقات کریں  گے۔  میاں شہباز شریف  کے  ساتھ راجہ محمد ظفر الحق، شاہ خاقان عباسی، خواجہ آصف، رانا تنویر حسین، احسن اقبال اور رانا ثناء اللہ   پر مشتمل وفد ہو گا۔ فضل الرحمن اور میاں شہباز شریف کے درمیان  11بجے ملاقات شروع ہو گی  جس کے بعد  مولانا فضل الرحمن  مسلم لیگی وفد کے اعزاز میں  ظہرانہ دیں گے۔ شہباز شریف  آئندہ  چند روز میں  بلا ول بھٹو زرداری  سے ملاقات کریں گے۔ بلاول بھٹو زرداری اس وقت کراچی میں ہیں۔ دونوں رہنمائوں  کے درمیان  لاہور میں ملاقات کا امکان  ہے۔ ذرائع  کے مطابق  شہباز، فضل  ملاقات میں  آل پارٹیز کانفرنس  کی تاریخ کے بارے میں مشاورت ہو گی۔ لیگی وفد  مولانا فضل الرحمن کے تحفظات دور کر ے گا۔ اس بات کا امکان ہے  میاں شہباز شریف اور مولانا فضل الرحمن ملاقات کے بعد صحافیوں کو  ملاقات  کی  تفصیلات  سے آگاہ  کریں گے۔

ای پیپر-دی نیشن