• news

 زائد اثاثے ‘خورشید شاہ کے خلاف فرد جرم  عائد کرنے کی کارروائی روک دی گئی 

سکھر (صباح نیوز) نیب کی درخواست پر رہنما پیپلزپارٹی خورشید شاہ کے خلاف زائد اثاثے کیس میں  فرد جرم عائد کرنے کی کارروائی روک دی گئی۔احتساب عدالت نے نیب کی درخواست پر رہنما پاکستان پیپلزپارٹی خورشید شاہ کے خلاف زائد اثاثے کیس میں  فرد جرم عائد کرنے کی کارروائی روک دی، نیب نے عدالت سے درخواست میں کہا کہ ہمیں مزید شواہد لانے ہیں اس لیے فرد جرم روکا جائے اور جرح کرنے کے لیے مزید مہلت دی جائے جس پر احتساب عدالت نے پراسیکیوٹر کی استدعا منظور کرتے ہوئے 8 ستمبر تک فرد جرم کی کارروائی روک دی۔احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خورشید شاہ نے کہا کہ میرے خلاف نیب ایک بھی ثبوت نہ لا سکی ہے، ایک سال سے سلاخوں کے پیچھے ہوں، یہ واحد کیس ہے جس میں ہم کہہ رہے ہیں کہ ہم پر فرد جرم عائد کرو مگر اچانک نیب کی درخواست آ گئی، نیب نے یہ مان لیا ہے کہ اب تک ان کے پاس ٹھوس ثبوت نہیں ہے اور اگر ایک سال میں یہ ثبوت نہ لا سکے ہیں تو اب کیا لائیں گے۔انہوں نے کہا کہ نئی نئی باتیں سنتے ہیں جو کبھی نہیں سنی تھی، یہ اسحاق ڈار کو نہیں بلاسکے، نوازشریف کو کیسے بلائیں گے۔

ای پیپر-دی نیشن