تمام عوامی دکھ آل شریف ‘ زرداری کے اقتدار میں پیدا ہوئے‘ فیاض چوہان
لاہور(نیوز رپورٹر)وزیرِ اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے شہباز شریف کی جانب سے حکومت کی دو سالہ کارکردگی کے حوالے سے کی گئی پریس کانفرنس پر اپنے ردِعمل میں کہا ہے کہ شہباز شریف صاحب کی شکایت کہ پی ٹی آئی سے کسی کو دکھوں کے سواکچھ نہیں ملا، جائز ہے۔ یہ سارے دکھ آلِ شریف اور آلِ زرداری کی اپنے اقتدار میں کی گئی کرپشن، منی لانڈرنگ، جعلی اکاؤنٹس، بددیانتی اور اقربا پروری کے پیدا کردہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کی ایک دھیلے کی کرپشن نہ کرنے کی گردان بھی بالکل درست ہے کیونکہ آلِ شریف نے ایک دھیلے کی کرپشن نہیں کی بلکہ قوم کو اربوں ڈالرز کا ٹیکا لگایا ہے اور اس کرپشن کے ڈھیروں ثبوت جے آئی ٹی، نیب اور احتسابی اداروں کے پاس بدرجہ اتم موجود ہیں۔ فیاض الحسن چوہان نے بخار، کمر درد اور کھانسی تک کا علاج باہر سے کروانے والے آج کس منہ سے ملک میں طبی سہولیات کی کمی کا رونا رو رہے ہیں۔ عثمان بزدار کی قیادت میں پنجاب میں بارہ سٹیٹ آف دی آرٹ ہسپتالوں پر کام جاری ہے۔ فیاض الحسن چوہان نے مزید بتایا کہ کوویڈ-19 کے خلاف وزیرِ اعظم عمران خان کی فتح کا عالمی سطح پر اعتراف شہباز شریف کو جینے نہیں دے رہا۔وزیرِ اطلاعات پنجاب نے کہا کہ آج پاکستان کی روز افزوں مضبوط ہوتی معیشت کا اعتراف عالمی مالیاتی ادارے کر رہے ہیں۔عمران خان کی موثر پالیسیوں کے باعث یہ خسارہ تین ارب ڈالر تک آ گیا۔ فیاض الحسن چوہاننے یہ بھی کہا کہ گزشتہ مالی سال میں 23 ارب ڈالر کی ریکارڈ ترسیلات زر پاکستان میں موصول ہوئیں اور صرف رواں سال جولائی کے مہینے میں ریکارڈ 2.768 بلین ڈالرز کی ترسیلات زر جمع ہوئیں۔ انرجی کے حوالے سے فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت نے بھاشا، مہمند، تربیلا ایکسٹینشن، آزاد پتن، داسو فیز ون اور کوہالہ ہائیڈرو پاور پراجیکٹس پر کام شروع کر کے 10670 میگا واٹ سستی ہائیڈل پاور قومی گرڈ میں شامل کرنے کی بنیاد رکھ دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ شاہد خاقان عباسی نے اپنی وزارتِ عظمیٰ کے دوران اپنے آقاؤں کو خوش کرنے کے لیے چینی پر پاکستان کی تاریخ کی سب سے بڑی بیس ارب روپے کی سبسڈی دی۔ ن لیگی قیادت بین الاقوامی سطح پر مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے وزیرِ اعظم عمران خان کی کامیاب سفارت کاری کی تعریف کرنے کی بجائے "الٹا چور کوتوال کو ڈانٹے" اور میں نہ مانوں" کا راگ الاپ رہی ہے۔